ترک سیکیورٹی فورسز اور کردباغیوں میں جھڑپیں19 ہلاک

132

دیار بکر (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں گزشتہ رات سے جاری جھڑپوں میں سیکورٹی فورسز کے 8 اہلکار اور کالعدم کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے ) کے 11 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ ترکی کے ایک سیکورٹی ذریعے نے گزشتہ روز بتایا کہ ایران کی سرحد کے نزدیک واقع صوبے وان میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کرد باغیوں اور ترک سیکورٹی فورسز کے درمیان لڑائی شروع ہوئی تھی۔ سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولیہ نے ایک مقامی گورنر کے حوالے سے بتایا کہ علاقے میں جھڑپوں کے بعد کرد باغیوں کے خلاف فضائی کارروائی جاری ہے اور لڑاکا جیٹ سے ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ گزشتہ روز ترکی کے کرد اکثریتی جنوب مشرقی علاقے میں فضائی حملوں اور جھڑپوں میں پی کے کے کے کئی جنگجو ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ترک سیکورٹی فورسز کے 7 اہلکار مارے گئے تھے ۔