توانائی بحران کی ذمہ دار سابق حکومتوں کا احٹساب ہونا چاہئیے،نوازشریف

86

فیصل آباد(آن لائن)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اندھیرے میں ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان کو اندھیروں کی طرف دھکیلنے والی سابق حکومتوں کا احتساب ہونا چاہیے ،کراچی کے حالات بہتر ہورہے ہیں، کراچی اپنا کھویا ہوا مقام اور روشنیاں جلد دوبارہ حاصل کرلے گا،پاکستان ترقی کی منازل طے کررہا ہے، پی آئی اے اور ریلوے سمیت قومی ادارے ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکے ہیں،ن لیگ حکومت نے مختصر عرصے میں بجلی بحران پر کافی حد تک قابو پالیا، 2017ء میں بجلی بحران کم جبکہ 2018ء میں اس کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا،دہشت گرد آسان اہداف حاصل کررہے ہیں جلد ان کا صفایا کردیں گے ،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہم اپنے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ وزیراعظم نے فیصل آباد میں نجی شعبے میں کوئلے سے چلنے والے 40میگا واٹ کے بجلی گھر کی افتتاحی تقریب سے خطاب
کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی کی منازل طے کررہا ہے اور کوئلے سے چلنے والا بجلی گھر 40میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا،پلانٹ دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے ، 2 ڈھائی سال پہلے لوگ بجلی کو ترستے اور ملک میں 12-12گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن آج ملک میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال بہتر ہے ، ملک کے صنعتی شعبوں کو بلاتعطل بجلی اور گیس فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ بجلی میں اتنا فرق ہو گا، ہم نے مختصر عرصے میں بجلی بحران پر کافی حد تک قابو پالیا ہے اور2017ء میں بجلی بحران کم جبکہ 2018ء میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا ، انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد صرف بجلی کی قلت کو ختم کرنا ہی نہیں بلکہ بجلی کی قیمتوں کو کم کرنا بھی ہے تاکہ ملک میں مصنوعات سستی ہوں اور ریونیو بڑھے ۔انہوں نے کہاکہ جب ملک میں ریونیو بڑھے گا تو ملک میں صحت اور انفرااسٹرکچر بڑھے گا ۔انہوں نے کہا کہ اندھیرے میں ملک ترقی نہیں کرسکتا، ملک کو اندھیروں کی طرف دھکیلنے والی حکومت سے جواب مانگا جائے کہ انہوں نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے کیوں کوئی اقدام نہیں اٹھایا ۔انہوں نے کہاکہ 1999ء میں وسطی ایشیا میں پاکستان آگے تھا لیکن ماضی کی حکومت نے اسے پیچھے دھکیل دیا ، سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں کا عدم تسلسل پاکستان کو لے بیٹھامگر ہم نے آج پھر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ، ملک کی کرنسی پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے کونے کونے میں موٹروے اور ہائی ویز بن رہی ہیں ، بجلی کے کارخانہ ایک جگہ نہیں درجنوں جگہ لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے کافی بہتر ہو گیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ تھر میں کوئلے سے بجلی بن رہی ہے اور ہم اپنے ملک کا کوئلہ استعمال کررہے ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا چاہتا ہوں ، اسی سلسلے میں بہت جلد ایک پروگرام شروع کیا جائے گا جس میں صاف پانی کی فراہمی اور علاج معالجے کی سہولیات میسر ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ ہم پورے ملک میں 40بڑے اسپتال بنائیں گے جس سے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم ہوگی۔ قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے ستارہ کیمیکل انڈسٹری فیصل آباد میں کول پاور کے ذریعے تیار ہونے والی 40 میگاواٹ بجلی کے پاور پلانٹ کا افتتاح کیا ۔ وزیر اعظم وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف بھی ساتھ تھے۔