حیدرآباد (نمائندہ جسارت) انسان دوست فاؤنڈیشن کے چیئرمین نعیم نورانی ، آغا امتیاز علی ، ظہیرانصاری، آصف قائم خانی، ملک رمضان،و دیگر نے حیدرآباد میں صحت و صفائی کے نظام کی مکمل بربادی کاذمہ داری صوبائی وزیربلدیات کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات کی لاپرواہی سے حیدرآباد شہر بیماریوں کا شہر بن گیا ہے،پورا شہر بالخصوص پھلیلی پریٹ آباد، قاسم آباد،حسین آباد ، نورانی بستی، الفضل ٹاؤن، حالی روڈ ، گجراتی پاڑہ کے علاقوں میں برسات ہونے کے نصف ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجودگندے پانی کے جوہڑ موجود ہیں جبکہ کچرے کے انباروں کوبھی آبادیوں سے نہیں اٹھایا نہیں گیا ہے جس سے شاہراہیں کچرہ کنڈیوں کا منظر پیش کررہی ہیں،لیکن صوبائی وزیربلدیات کو اتنی فرصت نہیں کہ وہ میدان عمل میں آگر عوام کے مسائل موقع پر حل کرائیں ۔انھوں نے کہا کہ حیدرآبادکے شہری ووٹ دینے کے باوجود نمائندگان کی خدمات سے محروم ہیں اور اس وقت جبکہ شہر ماحولیاتی طور پر تباہی کے دہانے پر ہے تو نومنتخب نمائندگان نامعلوم جگہوں پر چھپ گئے ہیں اور شہر پریشانی کا شکارہیں ، ان حالات میں اہلیان حیدرآباد دوطرفہ طور پر مصائب کا شکار ہیں کہ برسراقتدار حکومتی پارٹی دانستہ عوام کو ریلیف دینے کو تیار نہیں ہے جبکہ نمائندگی کے دعویدار نومنتخب نمائندے بھی عوام کو ان کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرا رہے ہیں۔