کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹرل جیل میں متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کے 4 کارکن زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق
کراچی سینٹرل جیل میں قید متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں کے درمیان چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی سمیت اعلیٰ عدلیہ کے فاضل جج صاحبان کے دورے کے کچھ دیر بعد تصادم ہوا۔ تصادم قیدیوں کے رشتے داروں سے ملاقات کے دوران ایم کیو ایم اور پی ایس پی 2 کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہواجس کا سلسلہ تھوڑی دیر میں پوری جیل میں پھیل گیا صورتحال کو خراب ہوتا دیکھ کر جیل انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کر لیا جس نے موقع پر پہنچ کرصورتحال پر قابو پایا تاہم اس دوران دونوں جماعتوں کے 4کارکن زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا جب کہ تصادم میں ملوث8 ملزمان کو بند وارڈ منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ کراچی سینٹرل جیل میں کراچی کے میئر وسیم اختر اور پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی سمیت دونوں جماعتوں کے سیکڑوں کارکن قید ہیں۔