سینیٹ میں کل مودی اورالطاف کیخلاف قرار داد منظور کی جائے گی

135

اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ میں کل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف پاکستان مخالف اشتعال انگیز بیانات کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں
گی۔بلوچستان،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے معاملات میں بھارتی مداخلت کے خلاف پاکستان تحریک انصاف اسی طرح الطاف حسین کے خلاف قرارداد حکومت کی طرف سے لائی جائیگی۔سینیٹ کا 252 واں سیشن پیر کو ہوگا۔تحریک انصاف کے رہنماسینیٹر محسن عزیز بھارتی وزیراعظم کے خلاف قرارداد پیش کریں گے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا ایوان بالا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ خطاب کے دوران بلوچستان،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علیحدگی پسندوں کی حمایت حاصل ہونے کے دعویٰ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ بھارتی وزیراعظم کا اشتعال انگیز بیان پاکستان کے معاملات میں کھلی مداخلت اور پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔بھارتی وزیر اعظم کا یہ بیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے بدترین مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ،یہ ہاؤس حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارتی مداخلت اور نریندر مودی کے ان اشتعال انگیز بیانات کو تمام بین الاقوامی فورمز بشمول اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔