عمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، وفاقی اور صوبائی وزرا کا ردِ عمل

122

اسلام آباد/ لاہور ( خبر ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انصاف مارچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزاء نے کہا ہے کہ عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ان سے کسی اچھے کی توقع نہیں کی جاسکتی، اقتدار کے چور دروازے بند ہوچکے ہیں، عمران عوام کی زندگی عذاب نہ بنائیں، پی ٹی آئی کی ریلی سے لاہور کو 4 ارب کا نقصان ہوا، سیکورٹی پر 50 لاکھ روپے خرچ ہوئے، عمران اداروں پر جنتا چاہیں دباؤ بڑھالیں، وہ عوام میں اپنی ساکھ کھوچکے ہیں، دھرنے ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، ہم نے ریلی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی عمران خان جتنے چاہیں سانپ نکال لیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و
نشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سن لیں اقتدار میں آنے کا چور دروازہ بند ہو چکا ہے، انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے، وہ انتخاب کے ذریعے تبدیلی کو تسلیم نہیں کرتے۔ عمران خان بضد رہے کہ وہ سڑکوں پر آئیں گے اور عوام کی زندگی عذاب بنائیں گے۔ پرویز رشید نے کہا کہ احتجاجی ریلی کے باعث لاہور میں4 ارب روپے کا کاروبار نہیں ہو سکا اور سیکورٹی پر 50 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام سے انہیں ووٹ نہ دینے کا بدلہ لے رہے ہیں۔ ہم نے قومی اسمبلی میں احتساب کا قانون پیش کر کے احتساب کی بنیاد رکھ دی۔ انہوں نے ریلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جتنے لوگ کنٹینر کی چھت پر تھے اتنے ہی لوگ کنٹینر کے سامنے کھڑے تھے۔ نیچے والوں کیلیے بھی کنٹینر کا انتظام کرنا چاہیے تھا۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ اور زعیم حسین قادری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثنا مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق وفاقی وزیر مشاہداللہ خان نے کہا کہ عمران خان کے بیانات ان کے ذہن اور دل میں آئندہ انتخابات ہارنے کے خوف کی نشاندہی کرتے ہیں۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ بوکھلاہٹ کے شکار عمران خان سے کسی اچھے بیان اور کام کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں پر جتنا چاہے دباؤ بڑھا لیں، عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔ اقتدار کے حصول کا راستہ کسی ادارے نہیں عوام میں سے ہو کر گزرتا ہے۔ دوسری جانب وزیر خزانہ اسحا ق ڈار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ملک مزید احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، جو ترقی کے عمل میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔ گزشتہ دھرنوں سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ میں پھر رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کو تاریخ ہرگز معاف نہیں کرے گی۔ دریں اثنا وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے ریلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان لوگوں کو زحمت دینے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے ہیں۔ عمران خان پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتا کیونکہ پاکستان کی ترقی اس سے برداشت نہیں ہوتی۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے احتساب مارچ کو فری ہینڈ دے دیا ہے اور ان کے راستے میں کوئی رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں تاکہ یہ پہلے دھرنوں اور ریلیوں کی طرح آج بھی جو سانپ نکالنا چاہتے ہیں نکال لیں اور احتساب مارچ میں لوگوں کی کم شرکت کا الزام ہمارے اوپر نہ ڈال دیں۔