عوام کومفت انصاف فراہم کرنااولین ترجیح ہے،سلمان فاروقی

147

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)وفاقی محتسب اعلیٰ سلمان فاروقی نے کہا ہے کہ حب میں ریجنل آفس قائم کرنے کا مقصد عوام کو فوری اور مفت انصاف فراہم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب میں وفاقی محتسبِ اعلیٰ کے ریجنل آفس کا افتتاح کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سید ذولفقار شاہ ہاشمی، وفاقی محتسبِ اعلیٰ ریجنل آفس کے ممبر انچارج عبدالمالک غوری، سینئر ایڈوائزر سراج شمس اُلدین، انیس الدین، فرزانہ جبیں، یاسمین سعود، اسحاق لاشاری، محمد یامین، مس شاہینہ، زرینہ زیدی، کے علاوہ کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر ہمایوں صغیر شیخ ، جنرل منیجر معروف سولنگی،ڈاکٹر اشفاق صادق اور احتشام ملک موجود تھے۔ وفاقی محتسب اعلیٰٰ سلمان فاروقی نے کہا کہ کوئٹہ میں ریجنل آفس قائم ہے اگلے سال جون میں گوادر میں بھی ریجنل آفس قائم کیا جائے گا جہاں قومی ادارے بھی بہت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ کے ریجنل آفس میں افہام و تفہیم سے جو فیصلے ہوتے ہیں ان پر عملدرآمد کی شرح 93 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپر لیس سسٹم کام کررہا ہے جبکہ پورے ملک میں متعارف کرانے کے لیے ماڈرن ٹیکنالوجی استعمال کریں گے۔ انہوں نے وفاقی محتسبِ اعلیٰ کی جانب سے تمام ائرپورٹس پر مسافروں کے شکایات کے ازالے کے لیے پوسٹ قائم کرنے کے بارے میں بتایا کہ اس عمل سے مسافروں کے شکایات دور ہورہی ہیں۔ انہوں نے جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کے مسئلے کے حل کے بارے میں بتایا کہ وہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے تعاون سے مائنر کیسز والے قیدیوں کے مقدمات جلد ختم کرانے کی کوشش کریں گے جبکہ تمام یونیورسٹیز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ اپنی علاقائی جیلوں میں قیدیوں کو پڑھانے کا بندوبست کریں اور پڑھنے والے قیدیوں کی فیس بھی معاف کردی جائے گی تاکہ قیدی رہائی کے بعد معاشرے کے اچھے شہری بن سکیں۔ انہوں نے جیلوں میں ماؤں کے ساتھ رہنے والے کمسن بچوں کی تعلیم کے لیے سویٹ ہوم کے تعاون سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں انہوں نے حب آفس کے ایڈوائزر ڈاکٹر اشرف صادق اور کنسلٹنٹ احتشام ملک سے کہا کہ آپ لوگ مختلف علاقوں میں جائیں اور لوگوں کی پریشانیاں دیکھیں یہاں انڈسٹریل اسٹیٹس قائم ہیں جہاں قومی ادارے بھی ہیں۔ وفاقی محتسبِ اعلیٰ کے ریجنل آفس کو فعال کریں تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہوسکیں۔