مغربی ممالک حجاب پہ عائد پابندیوں کا خاتمہ کریں، اناس حسن

94

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں حجاب کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد مسلمان خواتین میں حجاب کے رجحان کے فروغ اور مغربی ممالک میں حجاب پر پابندیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا ہے۔ پاکستان میں عالمی یوم حجاب کے حوالے سے خواتین کی مختلف تنظیموں کی جانب سے پروگرامات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اسلامی جمعیت طالبات پنجاب کی ناظمہ اناس حسن نے اس دن کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمان خاتون کو حجاب کا محفوظ حصار دے کر اُس کی قدر و قیمت بڑھا دی۔ مسلمان عورت کو اپنے حجاب پہ فخر کرنا چاہیے کیوں کہ حجاب اُس کی عصمت کا تحفظ اور اُس کے وقار کی علامت ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ متعصب غیر اسلامی ممالک تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حجاب کے خلاف آوازیں بلند کرتے ہیں حالانکہ حجاب مسلم خاتون کا بنیادی حق ہے۔ لہٰذا مغربی ممالک اپنے روشن خیالی کے دعوے کو سچ ثابت کرتے ہوئے حجاب پہ عائد پابندیوں کا خاتمہ کریں۔