کراچی (اسٹا ف رپورٹر) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدرسیدذوالفقارشاہ،غلام حسین شاہ ،بنارس جدون ،راجہ سعید ،صابر جدون ،فاضل مسیح ،ندیم صدیقی،حاجی علاؤالدین ،بشیر مسیح ،جہانگیر شاہ ،محمد بشیر اور دیگر نے کہا ہے کہ اگر عیدالاضحی سے قبل کے ایم سی وڈی ایم سیز کے ایمرجنسی ڈیوٹیاں انجام دینے والے فیلڈ اسٹاف کو اعزازیہ ادا نہ کیا گیا تو پھر عیدالاضحی پر ملازمین آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے کام کرنے کے بجائے چھٹی کرکے عیدالاضحی اپنے اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ منائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الائنس کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس عیدالاضحی پر ڈیوٹی کرنے پر کے ایم سی کے فیلڈاسٹاف ،مشینری پول کے عملے ،بلدیہ جنوبی کے سینیٹیشن اسٹاف اور فیلڈ اسٹاف ،بلدیہ وسطی کے سینیٹیشن اسٹاف اور فیلڈاسٹاف ،بلدیہ کورنگی ،بلدیہ کورنگی کے سینیٹیشن اور فیلڈ اسٹاف اور بلدیہ ملیر کے سینیٹیشن اسٹاف اور فیلڈ اسٹاف کو تاحال اعزازیہ ادا نہیں کیا گیا ہے تاحال صرف بلدیہ شرقی اور بلدیہ غربی کے فیلڈ اور سینیٹیشن اسٹاف کو اعزازیہ ادا کیا گیا ہے جس سے دیگر ڈی ایم سیز ملازمین میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے ۔لہٰذا ایمرجنسی ڈیوٹیوں کی ادائیگی پر اعزازیہ ادا نہ کرنے پر آئندہ ایمرجنسی ڈیوٹیاں انجام نہیں دی جائیں گی ۔اس سلسلے میں انہوں نے میئر کراچی ،ڈپٹی میئرکراچی ،چیئرمین بلدیہ جنوبی ،بلدیہ وسطی ،بلدیہ کورنگی اور بلدیہ ملیر سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحی سے قبل اعزازیے کی ادائیگی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ملازمین ڈیوٹیاں انجام نہیں دینگے۔