پاکستان کے خلاف بولنے اور ملک کوتوڑنے والوں کی اصلاح نہیں کریں گے

115

سکھر (نمائندہ جسارت) صوبائی مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے جو بھی راستہ اختیار کیا ہے وہ انہوں نے خود چنا ہے، وہ صحیح ہے یا غلط یہ ان کو ہی پتا ہے۔ پاکستان کے خلاف بولنے اور ملک کوتوڑنے والوں کی اصلاح نہیں کریں گے۔ سکھر میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے میر آدم خان بلوچ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری روایات پر عمل پیرا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے ویژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے امن، پیار اور محبت کے پیغام کو عام کررہی ہے جو پاکستان کی ترقی کا پیغام ہے تاکہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر سر اٹھا کر چلے۔ سندھ میں پارٹی کی تنظیم نوکو چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول زرداری کے حکم کے تحت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی غریب اور مستحق عوام کی مدد کرتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر معاملات چل رہے ہیں، مسائل حل کرنے کے لیے سڑکوں پر آنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں ایک نوجوان کی شمولیت سے خوشی ہورہی ہے۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت پر میر آدم خان بلوچ کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ پیپلز پارٹی عوامی پارٹی ہے اور ہمیشہ پیپلز پارٹی نے غریبوں کی مدد اور مستحق افراد کو روزگارفراہم کیا۔ بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بیوہ اور بے سہارا عورتوں کو ماہانہ وظائف دے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی پارٹی کارکنان کو نہیں بھلایا ہے۔