یو ایس اوپن ٹینس

77

نیویارک (جسارت نیوز) سربیا کے نامور ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ، ہسپانوی نامور ٹینس اسٹار رافیل نڈال، فرانس کے جو ویلفرائیڈ سونگا اور فرانس کے ہی گیل مونفلس فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ امریکا کے ریان ہیریسن،ا سپین کے نکولس الماگرو، کروشیا کے مارین کلک اور جنوبی افریقا کے کیون اینڈرسن شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔جرمنی کی نامور ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر2 انجلیق کربر، اٹلی کی روبرٹا وینسی اور جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا اپنی پیش قدی کو برقرار رکھتے ہوئے ویمنز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں داخل ہوگئیں جبکہ یوکرائن کی ایلینا سویٹولینا اور سلواکیہ کی ڈومنیکا کیبلکوا تیسرے راؤنڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔امریکا کے نامور ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک برائن برادرز کی جوڑی مینز ڈبلز ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئی۔ اکاترینا ماکاروا اور ایلینا ویسنینا پر مشتمل روسی جوڑی ویمنزڈبلز ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔بھارت کی نامور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے مکسڈڈبلز ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے میگا ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ امریکا میں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز ایونٹ کے سلسلے میں کھیلے گئے تیسرے راؤنڈ میچ میں سربیا کے نوویک جوکووچ اور روس کے میخائل یوزخنی کے درمیان پہلا سیٹ 4-2 تک پہنچا کے روسی کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوگئے اور نوویک جوکووچ نے بآسانی میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اسپین کے رافیل نڈال نے روس کے آندرے کیوزنٹسوا کوا سٹریٹ سیٹس میں 6-1،6-4 اور 6-2 سے ہرا کر ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ فرانس کے جو ویلفرائیڈ سونگا نے جنوبی افریقا کے کیون اینڈرسن کو 6-3،6-4 اور 7-6(7-4) سے ہرا کر ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ویمنز سنگلز ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میچ میں جرمنی کی انجلق کربر نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکن بیلیز کوا سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-1 سے شکست دیکر ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اٹلی کی روبرٹا وینسی نے جرمنی کی کارینا ویتھوفٹ کو 6-0،5-7 اور6-3 سے شکست دی۔ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے یوکرائن کی ایلینا سویٹولینا کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے مات دی اور پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ مینز ڈبلز ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں امریکا کے نامور ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک برائن برادرز کی جوڑی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایرلیچ اور انکے جوڑی دار گورنزالز کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے زیر کر کے میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔ویمنز ڈبلز ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں اکاترینا ماکاروا اور ایلینا ویسنینا نے سخت مقابلے کے بعد آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر اور انکی چینی جوڑی دار شوائی ژینگ کو 3-6، 7-6(8-6) اور 6-4 سے زیر کر کے پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ مکسڈڈبلز پہلے راؤنڈ میں بھارتی ثانیہ مرزا اور انکے کروشین جوڑی دار آئیوان ڈوڈگ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی باربورہ کریجیکوا اور انکے کروشین جوڑی دار مارین دراگانجا کوا سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔