22رکنی چینی وفد کا اسپیشل سیکورٹی یونٹ کے شعبوں کا دورہ

144

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہنان ہواشن جنان سیکورٹی کنسلٹنگ سروسز کے22 رکنی چینی وفد بشمول معروف سیکورٹی ماہرین اور سینئر ہنان گورنمنٹ سیکورٹی اراکین نے سندھ پولیس میں بین الاقوامی معیار کی بہترین پولیس فورس قائم کرنے اورپولیس کمانڈوز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا ۔وفد نے ان خیالات کااظہار میڈم ینگ زیاؤکنگ کی سربراہی میں اسپیشل سیکورٹی یونٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔کمانڈنٹ اسپیشل سیکورٹی یونٹ مقصود احمدنے مختلف شعبوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس یو میں پاکستان کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی ادارے UKAS برطانیہ کی جانب سے ایس ایس یو کی اعلیٰ معیار کی کارکردگی کو تسلیم کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی آپریشنز ، اہم تنصیبات واہم قومی وبیرونی شخصیات کو مؤثر حفاظتی سہولت فراہم کرنے پر ISO سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔ایس ایس یو ملک کا پہلا قانون نافذ کرنے والاا دارہ ہے جسے ISO سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔وفد کے اراکین نے پولیس کمانڈوز کی انسداد دہشت گردی کے معیار کو دیکھتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔کمانڈنٹ نے بتایا کہ(S.W.A.T) ٹیم کے کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز جو کہ جدید اسلحہ ومواصلاتی نظام سے لیس ہیں 24 گھنٹے سماج دشمن عناصراور دہشت گردوں کی طرف سے پیدا کی گئی کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیا ر رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز کو جدید تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ دہشت گردوں کی کسی بھی کارروائی کو بروقت ناکام بنا سکیں۔وفد نے S.W.A.T ٹیم کے کمانڈوز کی فرضی مشقوں کا مظاہر ہ بھی دیکھا۔بعد ازاں کمانڈنٹ ایس ایس یو نے وفد کی سربراہ کویونٹ کی شیلڈ پیش کی۔