ماہنامہ’’ بتول‘‘ لاہور کی مدیرہ صائمہ اسما نے کہا ہے کہ مغرب حجاب کے فروغ سے خوفزدہ ہے اور مختلف ممالک میں حجاب پر پابندی اسی رجحان کی عکاسی کرتی ہے

259

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماہنامہ’’ بتول‘‘ لاہور کی مدیرہ صائمہ اسما نے کہا ہے کہ مغرب حجاب کے فروغ سے خوفزدہ ہے اور مختلف ممالک میں حجاب پر پابندی اسی رجحان کی عکاسی کرتی ہے ،مسلمان عورتیں حجاب کسی جبریادباؤ کی وجہ سے نہیں لیتیں بلکہ اپنی مرضی سے اسلام کے احکام پر عمل پیرا ہوکر خوش ہیں
۔باحجاب خواتین ہر شعبہ ہائے زندگی میں بھرپور کرداراداکررہی ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ حجاب عورت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ مددگار ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل کراچی میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت 4ستمبر کو منائے جانے والے عالمی یوم حجاب کے سلسلے میں حریم ادب کے تحت ’’حجاب مشاعرے ‘‘میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حجاب مشاعرے سے ناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی فرحانہ اورنگزیب نے بھی خطاب کیا ۔مشاعرے میں قمر جہاں قمر ، طاہرہ سلیم ، عشرت لطافت، ذکیہ فرحت ، ہاجرہ منصور ، ارم خاور ،غزل انصاری، شاہدہ خورشید کنول نے شرکت کی اور کلام پیش کیا ۔مشاعرے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین نے شرکت کی ۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری حریم ادب غزالہ عزیز نے حریم ادب کا تعارف بھی پیش کیا ۔صائمہ اسماء نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ حجاب مسلمان عورت کا حق بھی ہے اور اس کا افتخار بھی جو وہ اللہ کا حکم سمجھ کر قبول کرتی ہے۔فرحانہ اورنگزیب نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کی سرگرمیاں عورت کو تحفظ دینے کے لیے ہیں اور ہم نے ہمیشہ عورت کے حقوق کے لیے آواز بلندکی ہے۔