پاکستان نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے ممتاز رہنما میر قاسم علی کو پھانسی دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص ٹرائل کے ذریعے اپوزیشن کو دبانے کا عمل جمہوریت کی روح کے منافی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس ذکریا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میر قاسم علی کو ناقص عدالتی عمل کے ذریعے سزا سنائی گئی۔ ٹرائل کے آغاز پر ہی متعدد عالمی تنظیموں نے اعتراضات اٹھائے تھے ٹرائل کی شفافیت اور منصفانہ نہ ہونے پر سوالات اٹھائے گئے۔
ترجمان کے مطابق ٹرائل میں ملزم کی نمائندگی کرنے والے وکلاء اور گواہوں کو حراساں کرنے پر بھی سوالات اٹھے۔ پاکستان سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہے۔