پاکستان نے انگلینڈ کوآخری ون ڈے میں شکست دے دی

317

پانچ میچوں کی سیریزکےآخری ون ڈے میں پاکستان نے انگلینڈ کو6 وکٹوں سے شکست دے دی تاہم سیریز میزبان
ٹیم نے 1-4سےاپنے نام کرلی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے کارڈف کے صوفیا پارک میں کھیلا گیاجہاں انگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 303 رنز کا ہدف دیا جسے گرین شرٹس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ قومی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان شرجیل خان کی صورت میں ہوا جو 22 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئےجس کے بعد کپتان اظہرعلی اور بابراعظم نے دوسری وکٹ پر 54 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 76 تک پہنچا تو بابر اعظم مارک ووڈ کی گیند پر بولڈ گئے جب کہ کپتان اظہر علی بھی 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

جس کے بعد شعیب ملک اور سرفراز نے چوتھی وکٹ کیلئے 163 رنز کی شاندار شراکت قائم کی جس کے بعد قومی ٹیم کے جیتنے کے امکانات روشن ہوئے۔ قومی ٹیم کا مجموعہ 240 تک پہنچا تو سرفراز احمد 90 رنز بنا کرلیام ڈاوسن کی گیندپرکیچ  آؤٹ ہوگئے، انہوں نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 73 گیندوں پر 90 رنز بنائے جس کے بعد شعیب ملک بھی 77 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان 34 اور عماد وسیم نے 16 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ اور لیام ڈاوسن نے 2،2 جب کہ کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور الیکس ہیلز نے کیا تاہم 37 رنز کے مجموعی اسکور پر ایلکس ہیلز محمد عامر کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ جوئے روٹ اور انگلش کپتان اوئن مورگن بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے اور بالترتیب 9 ، 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اننگزکا آغاز کرنے والے اوپنر جیسن رائے نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور آگے بڑہایا تاہم 164 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے جس کے بعد بین اسٹوکس نے اور جونی بئیر اسٹو نے اسکور کو آگے بڑہایا، جونی جونی بئیر اسٹو 219 کے مجموعی اسکور پر 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ بین اسٹوکس اپنے کیرئیرکی بیسٹ اننگز کھیلتے ہوئے75رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد 258 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، اس طرح انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3 اور حسن علی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عمر گل سب سے زیادہ مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں  77 رنز دیکر 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔آخری ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، سمیع اسلم اور محمد عرفان کی جگہ شعیب ملک اور محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ابتدائی 4 میچز میں انگلینڈ نے گرین شرٹس کو شکست سے دوچار کیا