احتساب ریلی کرپشن کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگی

98

لاہور(خبر ایجنسیاں+ مانیٹرنگ ڈ یسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ احتساب ریلی کرپشن کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگی،پاناما لیکس کے معاملے پر عدلیہ سے انصاف کی امید کرتے ہیں ، نیب کے چیئرمین نے بھی 5 ماہ میں کچھ نہیں کیا،2018ء کے انتخابات نہ جیتنے پرنوازشریف
جیل میں ہوں گے،اس لیے نواز شریف نے ابھی سے2018 ء کا الیکشن خریدنے کا منصوبہ بنا لیا ہے،چیئرمین نیب شریف خاندان کا نوکر ہے، 4سوالوں کا جواب نہ ملا توعید کے بعد ہم رائے ونڈ کارخ کریں گے ،نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ لاہور کے علاقے شاہدرہ ،بتی چوک، زمان ٹاؤن و رات گئیچیرکراسنگ میں ریلی کے شرکا سے خطاب کر تے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ ریلی پاکستان کے مستقبل کے لیے ضروری ہے، لوٹ مار صرف پاکستان نہیں تیسری دنیا کا مسئلہ ہے، چھوٹے چوروں سے ملک تباہ نہیں ہوتے، ملک وزیراعظم اوروزیروں کی چوری سے تباہ ہوتا ہے ،جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے، وزیر اعظم کہتے ہیں اپنے قانون کے تحت اپنا احتساب کریں گے،5 ماہ سے وزیر اعظم سے جواب مانگ رہے ہیں، نوازشریف کا یہ احتساب 200 سال میں بھی مکمل نہیں ہوگا، قوم اب باشعور ہوگئی ہے، پاناما لیکس کو لوگ نہیں بھولیں گے ۔ عمران خان نے الزام لگایا کہ چیئرمین ایف بی آر ہر ماہ کروڑوں روپے دبئی بھیجتے ہیں، چیئرمین ایف بی آر میں جرات نہیں کہ وزیر اعظم سے پوچھیں پیسے کہاں سے آئے۔ ان کا مزید کہنا تھا ہم نواز شریف پر نہیں اداروں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کب تک ن لیگ کی بی ٹیم بنا رہے گا، قوم الیکشن کمیشن میں پڑی پٹیشنز پر فیصلوں کا انتظار کر رہی ہے ، الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری پوری کرے۔عمران خان نے کہا کہ پاناما پیپرز کے حوالے سے انصاف نہ ملنے تک سڑکوں پر رہیں گے،2018ء کے انتخابات جیتنے کیلیے ارکان قومی اسمبلی کو نوازشریف ایک ایک ارب روپے دیں گے، چیئرمین ایف بی آر میں غیرت ہے تو پاناما پیپرزمیں آنے والے ناموں کو نوٹسز بھجوائیں۔ قبل ازیں اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب تک نواز شریف کا احتساب نہیں ہو گا کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ، دنیا بھر میں جن حکومتی شخصیات پر کرپشن کے الزمات لگے وہ مستعفی ہو گئے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ شریفوں کی بادشاہت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارا احتجاج پر امن رہے گا لیکن اگر حکومت نے پر امن مظاہرین کے خلاف تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،یہ دھرنے سے پہلے والی تحریک انصاف نہیں، دھرنے کے بعد کی تحریک انصاف ہے جو ظلم کے خلاف کھڑی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاناما کی کرپشن سے بچ کر نکل گئے تو ادارے مز یدتباہ ہوں گے۔ تحریک انصاف کی احتساب ریلی شاہدرہ سے ہوتی ہوئی شاہراہ قائداعظم فیصل چوک پر ختم ہو ئی۔ریلی کے راستوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔عمران خان نے ریلی کے شرکا اور قوم سے کہا کہ مبارک ہو پاناما لیکس میں جن کے نام آئے ہیں ایف بی آر نے انہیں نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین نیب سے بھی کہاکہ وہ ملک کی دولت لوٹنے والوں کو نوٹس جاری کریں۔خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ آج عوامی طاقت دیکھ کر ایف بی آر نے شریف برادران کو نوٹس جاری کیے مگر ہم اب اپنے حقوق لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آج اتنی بڑی تعداد دیکھ کر اندازہ ہوگیا کہ عوام حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے۔ریلی کے 14 کلو میٹر روٹ پر کئی مقامات پر کنٹنرز لگا کر بند کیا گیا تھا۔