اسٹیل ملز ملازمین کے مسائل حل کیے جائیں،رضا ہارون، وسیم آفتاب

139

کراچی(صباح نیوز)انصاف ورکرز اتحاد اسٹیل ملز کے وفد کی عبد الرسول بلالی کی قیادت میں پاک سرز مین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضا ہارون اور وائس چیئر مین وسیم آفتاب سے پاکستان ہاؤس میں ملاقات کی۔وفد میں سرور نیازی ، جواد سیٹھا ، شیراز جٹ ، یٰسین جامڑو دیگر شامل تھے۔وفد نے رضاہارون اور وسیم آفتاب کو اسٹیل ملز کے ورکرز کے مسائل اور اسٹیل ملز کی زبوں حالی سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ تمام ورکرز3 اگست سے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کر رہے ہیں اور بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن وفاقی حکومت اور متعلقہ وزیر کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی اور نہ ہی کو ئی رابطہ کیا گیا۔وفد نے حکومت سے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کرپٹ افسران و عہدیداران کو احتساب، تمام وفات پاجانے والے ریٹائرڈ ورکرزکے واجبات کی ادائیگی، پرویڈنٹ فنڈاور مالی مراعات کی ادائیگی ، پاکستان اسٹیل اسپتال اور تمام پینلز کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پررضا ہارون نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز انتہائی، منافع بخش ادارہ تھا لیکن گزشتہ دہائی میں اس ادارے کو سیاسی اقربا پروری کا نشانہ بنا کر تباہ وبرباد کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجود حکومتوں نے اسٹیل ملز کے ادارے اور اس کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی قابل ذکر اقدامات نہیں کیے جس کے نتیجے میں آج اس ادارے کے ملازمین معاشی بدحالی کا شکار ہیں ۔ اسٹیل ملز میں ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندانوں میں بے یقینی کی کیفیت ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے بھوک ہڑتال اور پر امن دھرنوں کے باوجود وفاقی حکومت ان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی کابینہ سے اپیل کی کہ وہ ان مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کرے اور عید الا ضحی سے قبل 6ماہ کی رکی ہوئی تنخواہ کی ادائیگی کا انتظام بھی کرے۔