انڈر 21 ٹیم کی وطن واپسی جونئیر ورلڈ کپ میں بھی فتح حاصل کریں گے،خالد مختار فارانی

80

لاہور(جسارت نیوز )قومی انڈر 21ہاکی ٹیم یورپ کے کامیاب دورہ کے بعد ہفتہ کی علی الصبح لاہور پہنچ گئی، وطن واپس پہنچنے والوں میں محمد دلبر ،اظفر یعقوب ،محمد عتیق بلال قادر ،علی رضا ،عاطف مشتاق ،ابوبکر محمود ،عماد شکیل بٹ( کپتان) ،جنید کمال ،شان ارشد ،رانا سہیل ریاض ،طلال خالد ،حسن انور ،فیضان مبشر علی ،محمد عثمان ،منیجر بریگیڈئر (ر) خالد مختار فارانی ،کوچ ذیشان اشرف ،اسسٹنٹ کوچ محمد عرفان ،ویڈیو اینالسٹ زاہد علی اورنیوٹریشن غصنفر علی شامل ہیں ، ہیڈ کوچ طاہر زمان ذاتی مصروفیت کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ وطن واپس نہ آسکے وہ اگلے ہفتے آئیں گے، ٹیم کے منیجر بریگیڈئر (ر) خالد مختار فارانی کا وطن واپسی پرکہناتھا کہ دورہ یورپ جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ تھا جو کہ رواں سال کے آخر میں بھارت میں ہوگا، دورہ یورپ کامیاب رہا ، قومی انڈر 21ٹیم نے دورہ یورپ میں اسپین کی قومی انڈر 21ٹیم ،جرمنی اور ہالینڈ کی ٹاپ ٹیموں کیخلاف مجموعی طور پر 9میچز کھیلے جس میں 8میں کامیابی حاصل کی اور صرف ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،اسپین کی جونیئر ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں 2-1سے شکست دی۔ خالد مختار فارانی نے کہا کہ ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کھلاڑیوں کی ٹریننگ پر زور دیا جبکہ میں نے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط کرنے ، میچ پریشر کو برداشت کرنے اور ڈسپلن پر زور دیا،دورے کے دوران کھلاڑیوں نے بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کیا ، ماضی میں قومی جونیئر ٹیم میچ دباؤ کا شکار ہوتی تھی لیکن دورہ یورپ کے دوران ان میں اعتماد نظر آیا اور انہوں نے 2 گول کے خسارہ کے باوجود میچز میں فتح حاصل کی۔انہوں نے کہاکہ دورہ یورپ سے ٹیم کو کافی تجربہ حاصل ہوا ہے اور جونیئر ورلڈ کپ کے لیے تھوڑا وقت رہ گیا ہے اور انشاء اللہ ہاکی ٹیم جونیئر ورلڈ کپ تک اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر بنالے گی۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ میں دنیا ئے ہاکی کی بہترین ٹیمیں شرکت کریں گی لیکن ہماری ٹیم بھی کسی سے کم نہیں ہے ،ہم جونیئر ورلڈ کپ میں پہلی پوزیشن کو ذہن میں رکھ کر لڑیں گے، باقی فتح شکست اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ٹیم نے کافی عرصے سے ورلڈ کپ کی تیاری کی ہے لیکن بھارت اور پاکستان کی ٹیموں کے مابین میچ کے دوران تکنیک سے زیادہ میچ کا دباؤ برداشت کرنا فائدہ مند ہوتا ہے اور جو ٹیم میچ میں دباؤ کو برداشت کرلیتی ہے کامیابی اسی کے قدم چومتی ہے ۔ علاوہ ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر نے کہا کہ دورہ یورپ کے دوران قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جوکہ کھلاڑیوں کی محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔انشاء اللہ ٹیم آئندہ بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔
انہوں نے کہاکہ جونیئر ورلڈ کپ تک قومی جونیئر ٹیم کو زیادہ سے زیادہ ٹریننگ اور میچز کھلائیں گے تاکہ انہیں مزید تجربہ حاصل ہوسکے اور ان کی خامیوں پر قابو پایا جاسکے ۔شہباز سینئر نے کہاکہ پی ایچ ایف ہاکی کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔