لائنل میسی کی جاندار واپسی‘ ارجنٹائن نے یوروگوئے کو شکست دیدی

123

بیونس آئرس(جسارت نیوز) شہرہ آفاق فٹ بالر لائنل میسی نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کے بعد میدانوں میں جاندار واپسی کی ہے، میسی نے یوروگوئے کے خلاف واحد اور فیصلہ کن گول اسکور کر کے ارجنٹائن کو ساؤتھ امریکا ورلڈکپ کوالیفائنگ گروپ میں ٹاپ پوزیشن دلا دی۔
میسی نے رواں برس کوپا امریکا فٹ بال کپ فائنل میں چلی کے ہاتھوں شکست کے بعد انٹرنیشنل فٹ بال کو خیرباد کہہ دیا تھا تاہم 2 ماہ بعد انہوں نے فیصلہ واپس لے لیا۔ ورلڈکپ کوالیفائنگ میں یوروگوئے کے خلاف کھیلے گئے میچ میں میسی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم ارجنٹائن کو 1-0 گول سے کامیابی دلائی۔ اس فتح کے ساتھ ہی ارجنٹائن کی ٹیم گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر آ گئی ہے۔