مقدور ہو تو ساتھ رکھوں نوحہ گرکومیں

161

اوریا مقبول جان

چھوٹے سے اس شہر میں ہر کوئی ایک دوسرے کو جانتا ہے۔ جو نووارد ہوتا اُسے بھی محبتوں کے اس امین شہر میں صرف چند دن لگتے اور یہاں کے ماحول میں وہ یوں رچ بس جاتا جیسے زمانوں سے رہتا آیا ہے۔ اس شہر کا مرکز اور دل زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ مربع کلومیٹر کے علاقے میں آباد ہے۔ کوئٹہ پاٹن کے بلند قامت درختوں کے پہرے میں آباد چار سڑکیں، چند چائے خانے کہ اب بے آباد ہوگئے، سب کے سب اہم سرکاری دفاتر، طاقت کے تمام مراکز، گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس، سیکریٹریٹ، ہائی کورٹ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر کے دفاتر، بلدیہ، شہر کا واحد پارک، قدیمی کانوونٹ اور گرامر اسکول، صوبائی اسمبلی، غرض بلوچستان کی کون سی ایسی مرکزی عمارت ہے جو اس ڈیڑھ مربع کلومیٹر کے علاقے میں نہیں!
یہ ڈیڑھ مربع کلومیٹر ایک طرف سے سنڈیمن پراونشل اسپتال سے شروع ہوتا ہے اور دوسرے کونے پر ہائی کورٹ پر ختم ہوجاتا ہے۔ 8 اگست 2016ء کو کوئٹہ میں موت کا سفر انھی دو کونوں کے درمیان ایسا ہوا کہ اس شہر کا ہر گلی محلہ ماتم کدہ بن گیا۔ بلوچستان بھر سے پڑھے لکھے بلوچ اور پشتون یا تو آپ کو وکلا کی صورت ہائی کورٹ کی راہداریوں میں نظر آئیں گے یا پھر ڈاکٹروں کی ذمے داریاں نبھاتے ہوئے سنڈیمن پراونشل اسپتال کے وارڈوں میں۔ کتنے پیاروں کی موت کی خبر آج اس دوری میں سن رہا تھا تو سوچ رہا تھا یہ اس قدر پاس پاس رہنا بھی کتنا عذاب ہے۔ سب اپنے مقتل کی جانب روانہ ہوتے ہیں اور سیکنڈوں میں وہاں پہنچ جاتے ہیں۔ پھر خیال آیا کہ اس شہر کے لوگوں کو اگر میلوں دور بھی آباد کردیا جائے تو بھی یہ اپنے پیاروں کے دکھ میں سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر وہاں پہنچ جائیں گے، کہ یہی ان کی روایت ہے۔ یہ تو فاتحہ خوانی کرتے ہوئے اپنی سالوں پرانی دشمنی بھول جاتے ہیں اور درجنوں قتل فراموش کردیتے ہیں۔
گزشتہ کئی دن سے ایک سکتے کا عالم طاری ہے۔ تجزیہ نگاری کی اپنی دنیا ہے، لیکن جب کسی کا ذاتی نقصان ہوجائے تو اسے تجزیہ نگاری نہیں سوجھتی۔ میں نے ان لوگوں کے درمیان اپنی عمر کا بہترین حصہ گزارا ہے۔ میری زندگی کی وال پینٹنگ سے لگتا ہے کسی نے ایک حصہ کھرچ کر پھینک دیا ہے یا خون آلود کردیا ہے۔ قندھاری بازار جسے بعد میں شارع اقبال بھی کہا جانے لگا لیکن کوئٹہ کے باسی آج بھی اسے اسی نام سے یاد کرتے ہیں، جب جناح روڈ عبور کرکے اپنے اختتام کو پہنچتا ہے تو وہاں 1935ء کے زلزلے کے بعد تعمیر ہونے والی ایک عمارت ہے جس کے چاروں جانب پائنز کے بلند و بالا درخت ہیں۔ ایک زمانے میں اس کے اردگرد کوئی دیوار نہ تھی۔ اس عمارت میں کوئٹہ کی ایک دنیا آباد تھی۔ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ڈی آئی جی، ایس ایس پی، سیشن جج، ڈائریکٹر ایکسائز اور محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹر جنرل کے دفاتر بھی یہیں موجود تھے۔
سب کی گہما گہمی دوپہر تک ختم ہوجاتی تو عصر کے بعد دو بڑے بڑے کمروں میں لا کالج کھل جاتا۔کون تھا جو ان دو کمروں کے لا کالج میں موجود نہ ہوتا! جسٹس دراب پٹیل سے لے کر یحییٰ بختیار، جسٹس افتخار محمد چودھری سے لے کر جسٹس امیر الملک مینگل تک۔ یہ یونیورسٹی لا کالج تھا اور میں 1980ء میں بلوچستان یونیورسٹی میں ایک استاد کی حیثیت سے نووارد تھا۔ سخت سردی کی شاموں میں کوئٹہ کے سناٹے اور اس شہر کی اجنبیت میں مَیں نے مصروفیت کا ایک راستہ نکالا اور لا کالج میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے داخلہ لے لیا۔ میری شامیں بلدیہ کیفے کے اس سبزہ زار پر گزرنے لگیں جہاں یہ سب وکلا ساتھ جڑے پریس کلب سے آنے والے صحافیوں اور سیاست دانوں سے مکالمہ کرتے۔ کتنے ایسے چہرے ہیں جو یاد آرہے ہیں۔ بلال انور کاسی اور باز محمد کاکڑ اس دور میں نوجوان تھے۔
سول سروس کا امتحان پاس کرنے کے بعد میں نے بلوچستان کے لیے آپشن دیا تو میرے پنجابی دوست حیرت میں گم تھے کہ پنجاب کا ڈومیسائل رکھنے والا اتنے دور دراز کیوں جانا چاہتا ہے! انھیں کیا خبر کہ پورے پاکستان میں بلدیہ کیفے جیسی محفل نہیں ملتی اور کوئٹہ کی شاہراہوں جیسا سکون میسر نہیں۔ 1986ء میں ایک زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنر کی حیثیت سے میں نے کوئٹہ کے سیشن جج چودھری اسلم کی عدالت میں بیٹھنا شروع کیا تو یہی چہرے میرے اردگرد اور دن رات کے ساتھی بن گئے۔ ڈسٹرکٹ کورٹ جسے وہ وکیل بکرا پیڑی کہتے تھے اور سڑک عبور کرکے ہائی کورٹ، لیکن درمیان میں کیفے بلدیہ آتا جہاں چائے کا ایک کپ اور بلدیہ بیکری کی پیسٹریز سستانے کا بہانا ہوتیں۔ 1988ء میں اسی عمارت میں بحیثیت اسسٹنٹ کمشنر تعینات ہوا تو یہی چہرے میری زندگی کے اوراق کی رونق بن گئے۔کل جب علی احمد کرد کو ٹیلی ویژن پر آنسو بہاتے دیکھا تو آنسو ضبط نہ کرسکا۔ یہ شخص تو بہت مضبوط اعصاب کا مالک ہے۔
سوچتا ہوں کہ اگر میں فاتحہ کے لیے کوئٹہ گیا تو میرے لیے آنسو روکنا مشکل ہوجائے گا۔ دوستوں کے دنیا سے جانے کا دکھ تو ہے، دوستوں کے بیٹوں کی فاتحہ کے لیے ہاتھ اٹھانا کتنا مشکل کام ہے۔ میں کیسے ڈاکٹر مالک کاسی کے گھر میں داخل ہوکر اُس بچے کو ذہن میں لاتے ہی ضبط کرسکوں گا جسے میں نے اپنی آنکھوں کے سامنے جوان ہوتے دیکھا ہے۔ میں بلوچستان کے اُس مرنجاں مرنج جہانزیب جمالدینی کا سامنا کیسے کرسکوں گا جس نے اپنے جواں سال بیٹے کا لاشہ اٹھایا ہے۔ دوستوں کا دکھ اپنی جگہ لیکن دوستوں کی اولادوں کا دنیا سے جانا تو المیہ ہے۔
مجھے اشرف سلہری یاد آرہا ہے۔ وہ تھا تو وکیل، لیکن جب میں ٹیلی ویژن پر ڈراما تحریر کررہا تھا تو اسے اداکاری کا شوق وہاں لے آتا۔ سینئر وکلا کی ایک نسل تھی جن کے درمیان میری عمر کی کتنی صبحیں اور شامیں گزری تھیں۔ ایک ایسا گروہ جو برداشت، رواداری اور حُسنِ سلوک کی وجہ سے کوئٹہ کی روایات کا امین تھا کہ آج اس میں ہر زبان بولنے والا موجود ہے اور اس سانحے میں جان دینے والوں میں بھی ہر نسل کا وکیل شامل ہے۔ چند سو وکیلوں میں سے اگر 63 سینئر وکلا اس دنیا سے رخصت ہوجائیں تو ایک لمحے کو سوچیے کہ ایسا نہیں جیسے پورا گھرانہ اجڑگیا ہو۔ مکان کی چھت گر گئی ہو!
مجھے اس سوگ کے عالم میں گلے شکوے نہیں کرنے، لیکن پھر بھی اور طرح کے دکھ کا اظہار ضرور کرنا ہے۔ یہ دکھ ان سب کا دکھ ہے جن کی اولادیں، باپ یا بھائی اس سانحہ میں دنیا سے رخصت ہوگئے۔ منوں مٹی تلے جا سوئے۔ کیا کسی کے مرنے پر یہ تماشا بھی ہوا کہ اس ملک کے عظیم ٹیلی ویژن اینکروں نے اپنے دماغ میں ایک دشمن کو سوچا اور پھر اسی کو واقعے کا ذمے دار ثابت کرنے کے لیے مخصوص ذہنیت اور نظریے کے لوگ مہمان بلائے اور فاتحانہ انداز میں پروگرام ختم کیا کہ اس نے فلاں گروہ یا فرد کو دہشت گرد ثابت کردیا۔
دنیا کے کسی بھی ملک میں جہاں حکومتوں کے ضمیر زندہ ہوتے ہیں وہاں عوامی مقبولیت کے گھوڑے پر سوار ہونے کے لیے پارلیمنٹ کے اجلاس نہیں بلائے جاتے۔ پارلیمنٹ کے چار سو لوگوں کو نہ مجرم ڈھونڈنے نکلنا ہوتا ہے اور نہ تفتیش کرنا۔ جہاں حکومتیں ایسے سانحوں سے گزرتی ہیں تو وہ فوراً اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل بیٹھتی ہیں۔ لیکن میرے ملک میں تو سب کچھ کیمرے کے لیے ہوتا اور کیا جاتا ہے۔ قلعہ سیف اللہ، نوشکی، پشین اور تربت کے کسی گھرانے کو کیا پتا کہ ’’سی پیک‘‘ کیا ہے۔ اس کے گھر تو اس کے پیارے کی لاش آئی ہے اور اسے قاتل کا نام پتا معلوم نہیں۔ کیا دنیا میں کسی ملک نے انتظامیہ کی ناکامی کو ایجنسیوں کی ناکامی کہا؟
جس تھانے میں قتل، چوری یا ڈکیتی ہوجائے اس تھانے کا ایس ایچ او ذمے دار ہوتا ہے۔ اسپیشل برانچ کا انسپکٹر نہیں۔ ابھی تو کوئٹہ کے لوگ کفن دفن سے فارغ نہ ہوئے تھے کہ پورا ایوان اس بات پر اکٹھا ہوگیا کہ خبردار ان سب کے خون کا الزام انتظامیہ پر نہ لگ جائے۔ انتظامیہ کس کے گرد گھومتی ہے؟ مرکز میں وزیراعظم اور صوبے میں گورنر اور وزیراعلیٰ کے گرد۔ لیڈرانِ قوم کو اگر افغانستان اور بھارت کا نام لیتے ہوئے شرم آتی ہے تو خود کو تو مجرم بولیں۔ کیسی موت ہے کہ وہ پہرے دار جن کو لوگوں نے منتخب کیا تھا کہ تم ہماری جان و مال کی حفاظت کرو گے انھیں قاتل کا پتا ہے نہ مقتول سے ہمدردی۔ وہ تو جہاز میں سوار اسپتال میں آتے ہیں، پورے بلوچستان کے سینئر وکلا اس احاطے میں موجود ہوتے ہیں، لیکن کیمرے زخمیوں کے آس پاس اس لیے ہوتے ہیں کہ دلاسے اور ہمدردی کا یہ منظر براہِ راست نشر ہونا ضروری ہے۔ باقی رہ گئے کوئٹہ کے پیچھے رہ جانے والے وکلا، انھیں میری طرح یادوں کی تلخ پگڈنڈی پر پاؤں لہولہان اور آنکھیں اشک آلود کرنا ہیں۔ وہ ہم کرتے رہیں گے اور اس کے لیے باقی عمر موجود ہے، خواہ مختصر ہی کیوں نہ ہو۔