ملکی برآمدات میں مسلسل کمی وزیر تجارت کا قلمدان تبدیل کرنیکافیصلہ

56

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی حکومت نے ملکی برآمدات میں مسلسل کمی پر وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے‘ملکی برآمدات گزشتہ 3سال کے دوران25ارب ڈالر سے کم ہو کر 21ارب80کروڑ ڈالر پر محدود ہو گئی ہے‘آن لائن
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے برآمدات میں مسلسل کمی کی وجہ سے وزیر تجارت کا قلمدان تبدیل کرنے پر غوروخوض شروع کر دیا ہے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ روز فیصل آباد میں تقریب کے دوران اس کا اظہار بھی کیا‘وزیر اعظم نے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خرم دستگیر صاحب آپ جتنی توجہ کھانے پر دیتے ہیں اتنی ہی توجہ ملکی برآمدات کو بڑھانے پر بھی دیں تاکہ ملکی معیشت میں بہتری لائی جا سکے ۔ ذرائع نے مزید بتایاہے کہ ملکی برآمدکنندگان اور تاجر برادری نے بھی وزیر اعظم کوخرم دستگیر کی جگہ کسی اور کو وزارت تجارت پر لانے کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد وزیر اعظم نے دیگر رفقا سے صلاح مشورہ شروع کردیاہے ۔دریں اثنا وفاقی وزیر تجارت بھی برآمدات میں مسلسل کمی پر کافی پریشان ہیں۔خرم دستگیراپنے قریبی رفقا کو نجی محفل میں بتا رہے ہیں کہ انہیں حکومت وزیر خارجہ کا قلمدان دینے جا رہی ہے جس کی وجہ سے انہوں نے وزارت کے امور پر خصوصی توجہ دینا چھوڑ دی ہے۔ آن لائن کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق ملکی برآمدات گزشتہ مالی سال کے دوران 21ارب80کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں گزشتہ دور حکومت میں ملکی برآمدات 25ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔