ٹنڈو آدم، کچرے کے ڈھیر اٹھانے اور صفائی ستھرائی کا کام شروع

108

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) شہر سے ہنگامی بنیادوں پر کچرے کے ڈھیر اٹھانے اور صحت و صفائی کا کام شروع، عیدالاضحی سے قبل شہر کو گندگی و غلاظت سے پاک کردیں گے، چیئرمین میونسپل کمیٹی مسرور احسن غوری کی صحافیوں سے گفتگو۔ میونسپل کمیٹی ٹنڈو آدم مسرور احسن غوری نے شہر میں بے تحاشہ گندگی اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر جمع ہونے کی شہریوں کی مسلسل شکایات کا نوٹس لیکر جمعرات کی صبح سے شہر بھر میں ہنگامی بنیادوں پہر گندگی اور کچرے کے ڈھیر صاف کروانے کا کام اپنی نگرانی میں شروع کرادیا، جس پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے چیئرمین بلدیہ کے اس عمل کو بے حد سراہا۔ واضح رہے کہ طویل عرصے سے ٹنڈوآدم شہر کے وسطی اور مرکزی علاقوں سمیت تمام علاقوں اور محلوں میں گندگی کچرے اور غلاظت کے ڈھیر جمع تھے جبکہ جگہ جگہ سیوریج کا پانی جمع تھا جس سے لوگ سخت پریشان تھے۔ نومنتخب چیئرمین مسرور احسن غوری نے چارج سنبھالتے ہی دیرینہ مسئلہ پر فوری توجہ دی اور بلدیہ ٹنڈوآدم کے صحت و صفائی کے عملے اور دستیاب مشینری کے ذریعے جمعرات کے دن سے شہر کو صاف کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ چیئر مین بلدیہ مسرور احسن غوری نے اپنے دفتر میں سینئر صحافیوں صدیق مستانہ، جاوید عالم راجپوت، عمران غوری و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ عیدالاضحی سے قبل شہریوں کو گندگی و غلاظت سے پاک ٹنڈوآدم کا تحفہ دیں گے اور صحت مند صاف ستھرا ماحول فراہم کریں گے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ہنگامی صفائی مہم میں بلدیہ کے عملے سے مکمل تعاون کریں اور کچرا محلوں اور سڑکوں پر نہ پھینکیں۔