***۔۔۔۔۔۔ملک بھر سے ۔۔۔۔۔۔***

114

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پولیس نے چوری و ڈکیتی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کے دو مقدمات میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ایس پی سریاب عبداللہ جان آفریدی، ڈی ایس پی سریاب تنویر شاہ اور ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹاؤن عبدالقادر قنبرانی کی سربراہی میں سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے سریاب مل میں چھاپا مارا اور ملزم نور اللہ ولد حفیظ اللہ کرد سکنہ سریاب مل گرفتارکرلیا۔ ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کو پولیس پر فائرنگ، تھانہ سریاب کو گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھیننے کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔ اسلحہ برآمد ہونے پر تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔* ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن ٹنڈو آدم کے صدر محمد حسین آرائیں نے کہا ہے کہ اسپیشل آزادی ٹرین چلانے کا مقصد عوام کو ملک کے چاروں صوبوں کی ثقافت سے آگاہ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آزادی ٹرین کی ٹنڈو آدم ریلوے اسٹیشن پر آمد کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ملک کی تعمیر اور ترقی کے لیے بھرپور کو ششیں کر رہے ہیں۔ مخالفین سڑکوں پر آنے کے بجائے 2018ء کے عام انتخابات تک صبر کریں۔ مسلم لیگ ن ٹنڈو آدم کے صدر محمد حسین آرائیں نے مزید کہا کہ ٹنڈوآدم میں آزادی ٹرین پہنچنے پر ہزاروں افراد نے شرکت کرکے پاکستان سے محبت کا اظہار کیا ہے۔* ماتلی(نمائندہ جسارت) پیپلزپارٹی(ش ب) کی جانب سے شہید مرتضیٰ بھٹو کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی عہدیداروں نے کہا کہ عوام کے حقوق کی بات کرنے والا دلیر لیڈرکو سرعام گولیاں برساکر قتل کردیا گیا۔ عرصہ دراز گزرجانے کے باوجود شہید میر مرتضیٰ بھٹواور ان کے ساتھی کے قاتل آج بھی قانون کی نظروں سے اوجھل ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت ملزمان کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دے۔* گھارو(نمائندہ جسارت)دھابیجی کے صحافی فضل امین فاروقی کے والد علالت کے باعث انتقال کر گئے جنہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔گھارو پریس کلب کے صدر عبدالمجید چانڈیو ،جنرل سیکرٹری عبدالحمید عمرانی ودیگر صحافیوں شریف رند طارق احمد شاہد ممتاز لاشاری امر لال اورخورشید عباسی صالح خانیو نے صحافی فضل امین فاروقی سے انکے والد کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلیے دعائے مغفرت کی ہے۔* سکھر( نمائندہ جسارت)تنظیم فکر و نظر سندھ کے سیکرٹری جنرل پروفیسر اصغر مجاہد مہر نے پاکستان کے نامور صحافی زاہد ملک کی وفات پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ مرحوم زاہد ملک ایک بہت بڑے محب وطن اور نظریہ پاکستان کے سپاہی تھے۔ ان کی وفات سے ہمیں دلی طور پر سخت صدمہ پہنچا ہے۔ ہمارا ملک ایک محب وطن اور محب اسلام صحافی سے محروم ہو گیا۔ زاہد ملک پاکستان سے پیار کرتے تھے اور ملک کی طول و عرض سے سب نظریاتی لوگوں کی دل و نگاہ سے عزت کرتے تھے۔ تنظیم فکر و نظر سندھ کو ان کی اسلامی اور نظریاتی خدمات کے پیش نظر بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے ان کی نظریہ پاکستان کے سلسلے میں ان کی تاریخی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے عزیز و اقارب سے دلی طور پر تعزیت کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازے۔* لاہور(آئی این پی)لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے احتساب مارچ کے باعث انتظامیہ نے میٹرو بس کا روٹ مختصر کر دیا۔تفصیلات کے مطابق میٹرو بس انتظامیہ نے لاہور میں پی ٹی آئی کی احتساب ریلی کی وجہ سے میٹرو بس کا روٹ محدود کر دیا ہے ۔ شاہدرہ سے شروع ہونے والی پی ٹی آئی کی ریلی کے پیش نظر انتظامیہ نے شاہدرہ سے ایم اے او کالج تک میٹرو بس سروس معطل کر دی ہے جبکہ دوسری جانب گجومتہ سے آنے والی تمام میٹر و بسوں کو ایم اے او کالج سے واپس موڑ اجاتا رہا اسی طرح ایم اے او کالج سے شاہدرہ جانے والے مسافر میڑو بس سروس استعمال نہیں کرسکے۔* لاہور(آئی این پی) تحر یک انصاف بلو چستان کے آرگنائزر سردار یار محمد رندنے کہا ہے کہ (ن) لیگی حکومت کا شر یف برادارن اورانکے حمایتوں کے سواکسی کو فائدہ نہیںُ اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں حکمرانوں کو گھر جانا پڑ یگا‘ترقی اور خوشحالی کے حکومتی دعوؤں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔ ہفتے کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحر یک انصاف بلو چستان کے آرگنائزر سردار یار محمد رندنے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت نے بلو چستان کیساتھ جو وعدے کے ان پر عمل کی بجائے نئے وعدے کیے جا رہے ہیں اور ملک میں مسائل کی بنیادی وجہ کر پشن اور حکمرانوں کی بے حسی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ (ن) لیگ کی حکومت کا فائدہ شر یف برادارن اور انکے حمایتوں کے علاوہ کسی کو نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس طر ح متحد ہو چکی ہیں اس سے لگتا ہے نوازشر یف کی حکومت وقت سے پہلے ہی گھر چلی جائیگی۔* پشاور(آئی این پی )صوبائی دارلحکومت پشاور میں سیکیو رٹی خد شا ت کے پیش نظر سیکیو رٹی ہا ئی الر ٹ کر دی گئی تفصیلا ت کے مطابق پشاور شہر اور ملحقہ علا قو ں میں سیکیو رٹی خد شا ت کے پیش نظر سیکیو رٹی پہلے سے مذید سخت کر دی گئی شہر کے تما م داخلی و خا ر جی را ستو ں پر ناکہ بندیاں لگا کر پولیس کی بھاری نفری سمیت حسا س ادارو ں کے نو جو ان بھی کسی بھی نا خود شگوار واقعا ت سے نمٹنے کیلئے ہا ئی الر ٹ رہے اور شہریو ں کی جامعہ تلا شی لیتے رہیں۔* بنوں(آئی این پی) بنوں ڈومیل بازار میں ہوٹل کی چھت گر گئی ہوٹل مالک سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے گزشتہ روز تقریباً ساڑھے 8 بجے تھانہ ڈومیل بلڈنگ کے قریب خان ولد محمد سعید کی ہوٹل کی چھت اسوقت گر گئی جب لوگ چائے پینے میں مصروف تھے موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر امدادی کاروائی شروع کی اور ملبے میں سے ہوٹل کے مالک خان ، اولیاز خان ولد محمد حسین ساکن میرانشاہ حال مہاجر کیمپ اور میر محمد ولد سعید گل ساکن غنی گل ڈومیل کو زخمی حالت میں نکالا اور طبی امداد کیلئے کے جی این ہسپتال منتقل کردیا زخمیوں میں سے ہوٹل کے مالک خان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے واضح رہے کہ ہوٹل کے عقبی حصہ میں تہہ خانہ پر تعمیراتی کام بھی ہورہا ہے۔