قندھار،زابل،کابل(آن لائن)افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں مسافر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 20 شدید زخمی ہوگئے۔ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زابل کے گورنر بسم اللہ افغان مل نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسافر بس قندھار سے کابل جارہی تھی کہ جنوبی صوبے زابل میں قندھار ہائی وے کے مقام پر سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔افغان صوبے زابل کے گورنر نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں کم از کم 50 افراد ہلاک اور 20 سے زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حادثے کی حتمی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا تاہم عام طور پر تصادم کے یہ واقعات تیز رفتاری اور خطرناک ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔افغانستان میں ٹریفک حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں،رواں برس اپریل میں ہلمند میں اسی طرح کے ایک واقعے میں 8 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے تھے جبکہ ہرات میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں بھی 11 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔علاو ہ ازیں افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں 11شدت پسند ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیاکے مطابق افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی صوبے خوست میں ڈرون حملے میں11شدت پسندمارے گئے ہیں۔ضلعی چیف محمد اعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرون حملہ ضلع سپیرا کے علاقے گوہرمامیں کیا گیا ،جس میں ایک شدت پسندوں کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا ،حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔دریں اثنا صوبائی حکومت نے گوہرما میں ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے، یہ علاقہ پاکستانی سرحد کے قریب مرکزی ضلع سے 10کلومیٹر کے فاصلے پرواقع ہے ۔ گزشتہ ہفتے افغان حکا م نے دعویٰ کیا تھاکہ جنوبی صوبے پکتیا میں 2ڈرون حملوں میں 120طالبان و عسکریت پسند ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے ۔