ساؤتھ ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

96

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے رواں ماہ بھارت میں منعقدہ ساؤتھ ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے 6 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ ایونٹ 13 سے 18 ستمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ پی سی ایف کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی نے کہا ہے کہ ٹرائلز کے بعد ٹیم کا چناؤ کیا گیا ہے، سابق انٹرنیشنل سائیکلسٹ معظم خان کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے میرٹ پر ٹرائلز کا انعقاد کیا جس میں سے بہترین 6 سائیکلسٹ کو ساؤتھ ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلسٹ فارم میں ہیں اور انہوں نے ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے، امید ہے کہ سائیکلسٹ میگا چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج کے ساتھ وطن لوٹیں گے۔ اعلان کردہ ٹیم صابر علی، نور عالم، محسن خان، حافظ طاہر، محمدذیشان اور محمدثاقب پر مشتمل ہے جبکہ ممتاز ریاض ٹیم منیجر، عائشہ اسسٹنٹ منیجر، جان عالم خان کوچ اور سمیر غلام مکینک کے طور پر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق قومی ٹیم نے ایونٹ کے لیے 12 ستمبر کو بھارت روانہ ہونا ہے۔