قومی کیوئسٹ حمزہ اکبر کو انعامی رقم جلد دینے کی ہدایت

96

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے قومی کیوئسٹ حمزہ اکبر کو انعامی رقم جلد دینے کی ہدایت کردی‘ریاض حسین پیرزادہ نے پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کردی۔پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات کی ‘ملاقات میں انہوں نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ کو اپنے مسائل پیش کیے جن میں قومی کیوئسٹ حمزہ اکبر کو ایشین چیمپئن 2015بننے پر انعامی رقم دینے کا اعلان کیا تھا وہ اب تک نہیں مل سکی ‘اس کے علاوہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کو اکیڈمی کے قیام کے لیے جگہ کی فراہمی اورایسوسی ایشن کو کھلاڑیوں کے غیر ملکی دوروں کے لیے خصوصی گرانٹ شامل تھیں ،ریاض حسین پیرزادہ نے سیکرٹری آئی پی سی کو ہدایت دی کہ جلد سے جلد قومی کیوئسٹ حمزہ اکبر کے لیے 1.5ملین روپے دیے جائیں اس کے علاوہ انہوں نے ایسوسی ایشن کے مسائل کو حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔علاوہ ازیں پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے وفد نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا ،ڈائریکٹر جنرل قومی فیڈریشن محمد اعظم ڈار اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سید حبیب شاہ سے بھی ملاقات کی اور انہیں قومی کیوئسٹ کی ٹریننگ کے لیے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کی سفارش کی جس پر عہدیداران نے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دے دی ‘قومی کیوئسٹ کے لیے اکتوبر میں ایران سے تعلق رکھنے والے کوچ سہیل وحیدی کی خدمات حاصل کی جائیں گی ‘اس سلسلے میں اکتوبر میں قومی کیوئسٹس کا15روزہ تربیتی کیمپ پی ایس بی اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں لگایا جائے ۔