مردان کچہری پر بم دھماکے قابل مذمت ہیں ، خالد حسن عطاری

133

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما خالد حسن عطاری نے پشاور کے شہر مردان کی کچہری کے سامنے ہونے والے دھماکوں کی پرزور الفاظ میں مذمت اور حملے میں دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے شہریوں کو بڑے جانی نقصان سے بچانے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ آخر تک بھی جنگ لڑیگی اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچاکے دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد حکمرانوں کو غور کرنا چاہیے کہ اس ایکشن پلان میں کہاں کہاں خامیاں رہ گئی ہیں ان کو فوری دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے کئی مرتبہ توجہ دلانے کے باوجود سرحدوں پرآزادانہ آمدورفت اور این جی اوز کی غیر قانونی سرگرمیوں اور دہشت گردوں کو مالی سپور ٹ کرنے والوں کے خلاف حکومت نے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی جس سے دہشت گردوں کے خلاف اس جنگ میں سول حکمرانوں کی عدم دلچسپی ظاہر ہوتی ہے اور سول اور عسکری قیادت کے ایک صفحہ پر نہ ہونے کا تاثر بھی قائم ہوتاہے اسی طرح حکومت کی صفوں میں دہشت گردوں کے جوسرپرست موجود ہیں ان کے خلاف بھی ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جن لوگوں نے اپنی مددکیلیے ہندوستان کوپکارا تھااب شاید ان کی مدد کیلیے ہندوستان نے ملک میں حملے بھی شروع کردیے ہیں اور اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان کے اندر بھی دہشت گردانہ کارروائیاں تیز کردی ہیں لہٰذا ہمارے حکمرانوں کو یہ تمام حقیقت بھی سامنے رکھتے ہوئے اس پر فوری اقدامات کرنے چاہئیں ۔