میر قاسم کو پاکستان سے وفاداری پر پھانسی دی گئی ہے، محمد اسلام

93

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کو خوش کرنے کیلیے بنگلادیش حکومت نے میر قاسم کو پھانسی پر چڑھایا ہے۔ پاکستان زندہ باد کہنے والوں کو بنگلا دیش میں پھانسیاں دی جارہی ہیں۔ حکومت پاکستان اور دنیا بنگلا دیش کے ظلم کے خلاف احتجاج کرے۔ کراچی متحرک اور بیدار ہورہا ہے۔ بھارت اور امریکا پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ جماعت اسلامی آفاقی دعوت کو فروغ دے رہی ہے۔ ملک میں شریعت کے سوا کوئی اور نظام قبول نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کی دلجوئی کریں اور عوامی مسائل کے حل کیلیے پوری قوت کے ساتھ جدوجہد کی جائے۔ دفاع پاکستان ریلی تاریخی اہمیت کی حامل ہوگی۔ یہ بات جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام نے جماعت اسلامی لانڈھی غربی زون کے تحت منعقدہ اجتماع کارکنان سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔ اس موقع پر امیر زون محمد شفیق، نائب امیر حسیب احمد خان، قاری منصور، سیکرٹری مرزا نعمان بیگ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ محمد اسلام نے کہا کہ کارکنان گھر گھر جاکر رابطہ عوام مہم چلائیں۔ 6ستمبر کو امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں لانڈھی 89 سے ناصر جمپ تک تاریخی دفاع پاکستان ریلی منعقد ہوگی۔ قاری منصور احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ دورنگی کو چھوڑ کر ایک رب کی اطاعت کی جائے اور رب کی زمین پر رب کے نظام کو عملی طور پر نافذ کیا جائے۔ امیر زون محمد شفیق نے کہا کہ چرم قربانی مہم ایک چیلنج ہے۔ کارکنان چرم قربانی مہم کے سلسلے میں منصوبہ بندی کریں۔ حسیب احمد خان نے کہا کہ اس سال الخدمت کی کھالوں میں اضافہ ہوگا۔ مرزا نعمان بیگ نے کہا کہ رابطہ عوام کے ذریعے بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔