پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کیوں بند ہے،آئی سی سی اے شہریار خان کا سوال

126

لندن (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے سیکورٹی خدشات کے باوجود انگلینڈ کی جانب سے دورہ بنگلا دیش کے لیے رضامندی ظاہر کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے پاکستان کے لیے خصوصی فنڈ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔لندن میں انٹرویو دیتے ہوئے شہریار نے کہا کہ پی سی بی خصوصی فنڈ کے قیام کے لیے آئی سی سی میں دوبارہ اپنا مقدمہ پیش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی خدشات کے سبب ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا لیکن اپنے غیر ملکی ماہرین اور وزارت خارجہ سے گفتگو کے بعد انہوں نے بنگلا دیش ٹیم بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی۔انہوں نے کہا کہ ہم آئی سی سی سے بات کریں گے کہ صرف پاکستان کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر انٹرنیشنل کرکٹ سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے تاہم چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال فروری میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کرا سکیں گے جس سے ہمارا مقدمہ مضبوط ہو جائے گا۔پاکستان نے آئی سی سی کے گزشتہ اجلاس میں کرکٹ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ کیوں عالمی ٹیمیں پاکستان کا دورہ نہیں کر رہیں اور پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ کھیلنے سے محروم ہے لہذا اس نقصان کے ازالے کے لیے خصوصی فنڈ بنایا جائے اور پاکستان کرکٹ کے امور پر نظر رکھنے والے آئی سی سی کی اسپیشل ٹاسک فورس کو مجوزہ مطالبے پر غور کے لیے کہا گیا تھا۔واضح رہے کہ مارچ 2009 ء میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔گزشتہ سال زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا مشروط دورہ کیا لیکن یہ کوشش بھی ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی میں مددگار ثابت نہ ہو سکی لیکن شہریار خان نے کہا کہ انگلینڈ کی جانب سے دورہ بنگلا دیش پر رضامندی سے پاکستان کا کیس بھی مضبوط ہو گا۔