اخراجات میں کمی کے لیے آزاد کشمیر کابینہ میں توسیع نہیں کروں گا :وزیراعظم آزاد کشمیر راجامحمد فاروق حیدر خان

94

چناری (آن لائن)وزیراعظم آزاد کشمیر راجامحمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ اخراجات میں کمی کے لیے آزاد کشمیر کابینہ میں توسیع نہیں کروں گا جس دن 12 سے زائد وزیر ہوئے اس دن گھر چلا جاؤں گا، زیادہ وزیر قومی خزانہ پر بوجھ ہیں، میں عوام پر بو جھ برداشت نہیں کر سکتا اگر ہم نے بھی چودھری عبدالمجید والی سیاست اور حکمرانی کی تو آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ ایک سیٹ بھی نہیں لے سکے گی ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے اپنے آبائی سب ڈویژن چکار میں وزیراعظم منتخب ہو نے کے بعد پہلے دورے کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس سے قبل جب وزیراعظم آزاد کشمیر اپنے حلقہ انتخاب میں داخل ہوئے تو ن لیگی کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا ۔راجا فاروق حیدر نے کہا کہ رب کی زمین پر خداکے سوا کسی کا خوف نہیں ہے لوگوں نے ہمیں ووٹ پیپلز پارٹی کی کرپشن ،لاقانونیت ،میرٹ کی پامالی کی وجہ سے دیے ہیں اگر ہم نے بھی درست کام نہیں کیے تو ہمارا حشر ان سے برا ہو گا،انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا جو ٹھیک کام نہیں کرے گا اسے گھر جانا ہو گا ،اسکولوں ،کالجوں میں اساتذہ کو حاضر ہو نا ہوگا، ٹھیکہ سسٹم کا دور ختم ہو چکا ہے اب جو ڈیوٹی نہیں کر ے گا وہ استعفیٰ دے کر اپنے گھر خود ہی چلا جائے نہیں تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی ہو گی ،جو سرکاری ملازم دیانت داری اور ایمانداری سے اپنا کام کرتا ہے اسے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، میں کسی کو بھی کسی کا حق مارنے نہیں دوں گا میرے دور حکومت میں حق داروں کو ان کا حق ضرور ملے گا ،وزیراعظم آزاد کشمیر کاکہناتھا کہ پاکستان میں بعض لوگ انتشار پیدا کر رہے ہیں انہیں منہ کی کھانی پڑے گی، ان شاء اللہ کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء میں ن لیگ ایک بار پھر برسراقتدار آئے گی ،راجا فاروق حیدرکاکہناتھا کہ جس طرح پٹواری کو اپنے پٹوار کا علم ہوتا ہے اسی طرح سکندر حیات کے بعد مجھے اپنے حلقہ انتخاب سمیت پورے آزاد کشمیر کے ایک ایک مسئلہ کا علم ہے ،واپڈا نے آزاد کشمیر کو دیہی علاقوں میں رکھا ہوا ہے لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر میاں نواز شریف سے بہت جلد بات کروں گا ،ان کامزید کہناتھاکہ اس وقت 43فیصد لوگ صاف پانی سے محروم ہیں انہیں بھی صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،جلسے سے ضلعی صدر فرید خان،منیب چکاروی،سردار فاروق،راجا نذیر،آفتاب خان،راجا امتیاز ،راجا عنصر،عجائب ہمدانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور فاروق حیدر کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکیا۔