شنگھائی پاور کمپنی مزدور مفاد کا خیال رکھے

112

انصاف کے۔ الیکٹرک ایمپلائز یونین کے صدر عزیز الرحمن اور PCEMکے صدر عمران علی نے مشترکہ بیان میں شنگھائی پاور کمپنی اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کے الیکٹرک نے اپنے خط کے ذریعے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا کہ شنگھائی پاور کمپنی کے الیکٹرک کے 66.40% حصص لینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔مزدور رہنماؤں نے کہاکہ 2000 سے زائد ملازمین کے مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں، انتظامیہ گزشتہ 6 سالوں سے ریفرنڈم میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ 6 سالوں سے مزدوروں کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ مزدور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ جس کی وجہ سے ادارے کے مزدوروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شنگھائی پاور کمپنی معاہدے سے پہلے مزدوروں کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائے اور مزدوروں کے حقوق کو بحال کرے اور ساتھ ساتھ ادارے میں سی بی اے کے ریفرنڈم کے انعقاد کو یقینی بنائے۔