عمران کی شادی اور پیمرا

82

پیمرا نے عمران خان کی شادی کی خبر نشر کرنے پر 13 ٹی وی چینلوں کو شوکاز نوٹس دیا ہے اور جرمانہ بھی کردیا ہے۔ یہ کام غالباً عمران خان کی شکایت پر ہوا ہوگا، بغیر بینڈ باجے کے ان کی شادی کی خبر نشر کردی گئی، اس سے ان کی احتجاجی مہم متاثر ہوسکتی ہے۔ یہ خبر غلط سہی، لیکن کیا ایسی توہین آمیز تھی کہ اس پر پیمر ا حرکت میں آگیا۔ عمران خان اس سے پہلے دو شادیاں کر چکے ہیں اور تیسری بھی کریں گے۔ خود انہوں نے کہا ہے کہ شادی کرنا نہ تو خلاف شرح ہے اور نہ خلاف قانون۔ میں شادی ضرور کروں گا، لڑکی کی تلاش جاری ہے۔ ہوسکتا ہے کسی صحافی نے لڑکی تلاش بھی کرلی ہو اور خبر پھیلا دی ہو۔ شادی کی خبر پر ازالہ حیثیت عرفی کا مقدمہ تو نہیں بنتا۔ اگر یہ غلط خبر اڑا دی گئی ہوتی کہ عمران خان آئندہ کبھی شادی نہیں کریں گے تو یقیناًجرمانہ عائد کردینا چاہیے تھا۔ کچھ دن پہلے عمران خان کے گہرے دوست شیخ رشید نے مشورہ دیا تھا کہ عمران خان شادی کرلیں۔ اس پر بھی عمران ناراض ہوگئے تھے کہ شیخ صاحب کون ہوتے ہیں یہ مشورہ دینے والے۔ بات اس حد تک تو صحیح ہے کہ شیخ رشید نے ایک بھی شادی نہیں کی اور اب امکان بھی نہیں۔ لیکن پیمرا اس معاملے میں کیوں کود پڑا؟
(احمد فواد، کراچی)