حیدرآباد(نمائندہ جسارت)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا، مولانا قاضی احسان، مولانا توصیف اور مولانا محمد علی صدیق نے کہاہے کہ ملت اسلامیہ کا شیرازہ خاتم الانبیاء ﷺ کی ذات عالی سے قائم ہے اور یہ ہی وجود پاکستان کا سنگ بنیاد ہے ۔وہ جامعہ مسجد وحدت کالونی میں عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاک پیغمبر ﷺ کا غدار کبھی ملک وملت کا وفادار نہیں ہوسکتا، 7 ستمبر 1974ء کو قادیانیت کے خلاف پوری قوم کا متفقہ فیصلہ قادیانیوں کے ہی ظلم وجارحیت کا نتیجہ ہے۔ 1974ء میں چناب نگر ربوہ ریلوے اسٹیشن پر قادیانی غنڈوں کا نشتر میڈیکل کالج کے طلبہ پرسفاکانہ حملہ ان کے مکروہ عزائم کا اظہار تھا۔ قادیانیوں کی ہی درخواست پر انہیں پارلیمنٹ میں مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا اب قادیانی یہ پروپیگنڈا کرنا ریاست کسی کے اسلام اور کفر کا فیصلہ نہیں کرسکتی ایک بچکانہ ہتھکنڈا ہے۔ کانفرنس کی صدارت مولانا عبدالسلام قریشی نے کی جبکہ مولانا سیف الرحمن، مولانا جمیل الرحمن، مفتی عرفان، قاری اعظم، حاجی زمان خان اور مولانا شبیر ودیگر بھی موجود تھے ۔