ہانگ جو/ نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا معاملہ اٹھایا ہے۔ گزشتہ روز بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوراپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہانگ جو میں جی 20 سربراہی کانفرنس کے موقع پر چینی صدر کے ساتھ 35 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں نریندر مودی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی امنگوں، خدشات اور اسٹریٹجک مفادات کا احترام کرنا چاہیے۔ ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نریندر مودی نے چینی صدر کے ساتھ ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ نئی دہلی اور بیجنگ کو ایک دوسرے کے تزویراتی مفادات کیلیے حساس ہونا پڑے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی نے پڑوس سے نکلنے والی دہشت گردی کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔