ٹھٹھہ( نمائندہ جسارت ) پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ جمہوریت کو نقصان ہو ،جمہوریت کو نقصان پہنچا تو ذمے دار وزیر اعظم نوازشریف ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی سندھ کے صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت سردار شاہ نے مکلی کے تاریخی قبرستان کے دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکلی قبرستان اب عالمی ورثہ ہے اس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے موئن جو دڑو پربننے والی بھارتی فلم میں سندھ کے ساتھ مذاق کیا گیا ہے چونکہ موئن جو دڑو دنیا کی تہذیب کی ماں ہے اس فلم پر جلد اعتراض داخل کرائیں گے۔ صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران محکمہ ثقافت سندھ میں45ملین کی کرپشن ہوئی ہے جس کی انکوائری جاری ہے جس میں جو بھی ملوث ہو گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت کی قائل رہی ہے وفاق چاروں صوبوں پر مبنی ہے مگر وزیراعظم ہمیشہ کی طرح اپنی بادشاہت قائم رکھنا چاہتے ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ جمہوریت کو نقصان پہنچے اگر جمہوریت کو نقصان ہوا تو اس کے ذمے دار نوازشریف ہوں گے۔