حیدرآباد(نمائندہ جسارت) میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اوراس حوالے سے ذمے داران کو سختی سے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے امور میں مستقل بنیادوں پر بہتری لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل پروئے کار لاتے ہوئے بھر پور اقدامات کیے جائیں تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کیاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ غفلت وکوتاہی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اس موقع پر میونسپل کمشنر شاہد علی کان، ڈائریکٹر ہیلتھ محمد رفیق راجپوت بھی ان کے ہمراہ تھے ۔