ہینگ زو/دبئی (خبرایجنسیاں) سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے چین کے شہر ہینگ زو میں ترک صدر رجب طیب اردون، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں‘ شہزادہ محمدبن سلمان اورطیب اردون نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ جبکہ صدر ولادیمیرپیوٹن نے سعودی شہزادے سے ملاقات میں ریاض،ماسکومذاکرات پرزور دیاہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے ترک صدر رجب طیب اردون سے ملاقات کی۔ G20کے ممبر ممالک کے اجلاس سے قبل ترک صدر اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کے مسائل اور تنازعات کے حل کی کوششیں جاری رکھنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے چین کے شہر ہینگ زو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پیوٹن نے مختلف معاملات میں ریاض اور ماسکو کے درمیان مسلسل بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے برطانیہ کی وزیراعظم تھریسامے سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان قائم دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔