پاکستان اور زمبابوے اے کے مابین 5ون ڈے اور2چارروزہ میچزکھیلے جائیں گے‘دورے کا آغاز23ستمبر سے ہوگا

82

کراچی(اسٹاف رپورٹر )قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کی سربراہی میں قائم پی سی بی کی قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ زمبابوے کے لیے 16 رکنی پاکستان اے ٹیم کا اعلان کر دیا۔صہیب مقصود قیادت کے فرائض انجام دیں گے‘ قومی ٹیم 23 ستمبر سے 19 اکتوبر تک دورے کے دوران5 ایک روزہ اور 2 چار روزہ میچز کی سیریزکھیلے گی‘یہ قومی ٹیم کا رواں سال دوسرا دورہ ہے اس قبل پاکستان اے کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کیاتھا۔صہیب مقصود کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے دیگر کھلاڑیوں میں زین عباس، جاہد علی، فخر زمان، عمر امین، سعد علی ، سعود شکیل، احسان عادل، میر حمزہ تالپور، فہیم اشرف، عزیز اللہ، غلام مدثر، محمد اصغر، شاداب خان، حیات اللہ اور سیف اللہ بنگش شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے سابق منیجر کرنل ریٹائرڈ نوشاد علی کو ٹیم کا منیجر، اعجاز احمد ہیڈ کوچ، سلیم جعفر اسسٹنٹ کوچ، یاسر ملک ٹرینر، عثمان ہاشمی اینالسٹ اور محمد اسد کو فزیو تھراپسٹ مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان اے کرکٹ ٹیم 23 ستمبر کو زمبابوے کے دورے پر روانہ ہو گی ۔ دونوں ممالک کے بورڈز نے معاملات کو حتمی شکل دیدی ہے ۔دورے کے دوران پاکستان اور زمبابوے کی اے ٹیموں کے درمیان 2 چار روزہ اور 5 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے ۔اس حوالے سے تمام معاملات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے جبکہ قومی سلیکشن کمیٹی نے دورے کے لیے کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد کو اے ٹیم کے ساتھ زمبابوے بھیجنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم انجری کی وجہ سے ان کو فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ۔ یہ رواں سال پاکستان ٹیم کا دوسرا غیر ملکی دورہ ہے۔ جون اورجولائی میں پاکستان اے ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا ۔