پاگل پن یا نیا شوق

117

آج کل ایک عجیب چیز مشاہدے میں آرہی ہے کہ موٹر سائیکل سوار جوان، شادی شدہ حتیٰ کہ بوڑھے بھی بائیک کی ٹینکی پر بہت ہی چھوٹے بچوں کو بٹھا کر بائیک چلا رہے ہوتے ہیں۔ پتا نہیں اس میں کون سی شان ہے۔ بچہ اتناچھوٹا ہوتا ہے کہ وہ بائیک سوار کے ہاتھوں کے بیچ کی جگہ سے نکل کر سڑک پر گرسکتا ہے۔ بچے کو ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں سے نیند آجاتی ہے۔ باپ یا بھائی کا دھیان سامنے ہوگا اور بچہ لڑھک کر گر جائے گا تو پھر کیا ہوگا؟ جھٹکا لگنے سے بھی بچہ گر سکتا ہے نیز ایک بائیک پر تین چار بچوں اور خواتین کے ساتھ بائیک چلائی جاتی ہے۔ میں نے کئی موٹر سائیکل والوں کو اس بات سے آگاہ کیا مگر وہ کوئی خاص دھیان نہیں دیتے۔ میری استدعا ہے کہ خدارا یہ حرکت نہ کریں ۔ اگر بچے کو کچھ ہوگیا تو والدین ساری عمر اپنے آپ کو معاف نہیں کرسکیں گے۔
(سیدہ شباہت فاطمہ، کورنگی ،کراچی)