پرویز رشید کا طاہر القادری کے الزامات کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

106

لاہو ر(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پر ویز رشید نے طاہر القادری کے الزامات کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاہرالقادری کے درجنوں جھوٹ پہلے بھی بے نقاب ہو چکے ہیں ، آئندہ بھی ہم طاہر القادری صاحب کے ہر جھوٹ کو بے نقاب کریں گے ‘ ہم طاہر القادری کو عدالت میں گھسیٹیں گے اور ہر متعلقہ فورم پر ان کے تمام الزامات کا جواب مانگیں گے ، عمران خان صاحب خود شیشے کے گھر میں بیٹھ کردوسروں کو پتھر نہ ماریں ، اگر عمران خان رائے ونڈ مارچ کریں گے تو لوگ بھی ان کے گھر جائیں گے۔ اتوار کے روز اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشر یات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ خان صاحب کی جماعت ڈوب رہی ہے اور اندرونی طورپر شدید ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہے ، وہ 2018ء کے انتخابا ت سے خوفزدہ ہیں ، لیکن موجودہ تمام تحریکوں کا حال بھی وہی ہوگا جو 2014ء کے دھرنے کا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کے درجنوں جھوٹ پہلے بھی بے نقاب ہو چکے ہیں ، آئندہ بھی ہم طاہر القادری صاحب کے ہر جھوٹ کو بے نقاب کریں گے ، طاہر القادری نے جولبادہ اوڑھ رکھاہے ہم انہیں ہر فورم پر جوابدہ بنائیں گے، ہم طاہر القادری کو عدالت میں گھسیٹیں گے ، ہم ان کی تمام ترتحقیقات سامنے لائیں گے کہ انہوں نے دنیا کے 90ممالک میں اپنی تنظیم کے دفاتر کیسے بنائے ہیں ، طاہر القادری 40ساتھیوں کے ساتھ بھارت جاتے ہیں، بھارت کے ساتھ مولوی کا کیا تعلق ہے؟انہیں اس بات کا جواب دینا چاہیے۔