پولیس نے 10 روز قبل اغوا ہونے والا 2 سالہ بچہ بازیاب کرالیا

109

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے 10روز قبل اغوا ہونے والے 2سالہ ارمان کو بازیاب کرالیا، اغواکار عورت سے 30ہزار روپے میں ارمان کو خرید نے والے باپ بیٹی کو گرفتار کرلیا گیا،پولیس اغوا کار عورت کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار کارروائی کررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں رہائش پذیر محمداسرارکے 2سالہ بیٹے ارمان کو گزشتہ ماہ کی 25تاریخ کو گھر سے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا تھاجس کا مقدمہ اورنگی ٹاؤن تھانے میں درج کرادیاگیا تھا۔پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر اتوار کی دوپہراورنگی ٹاؤن ہی کے رہائش پذیر گل شیر کے گھر پر چھاپا مار کے وہاں سے مغوی بچے ارمان کو بازیاب کرالیا جس کے بعدگل شیر اور اس کی بیٹی حسنہ کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ہونے والی حسنہ نے پولیس کو بتایا کہ اس نے بچے کو شبانہ عرف عظمیٰ سے 30ہزار روپے میں خریدا ہے تاہم نے پولیس کو بچہ خریدنے کی وجہ نہیں بتائی۔ پولیس نے حسنہ کی نشاندہی پر اغوا کار عورت کی تلا ش میں چھاپا مار کارروائی شروع کردی ہے ۔