پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ضیا دور میں جیلیں کاٹی: مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو

166

خیرپور(صباح نیوز)مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک کے لیے ہماری جان بھی حاضر ہے، پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ضیا دور میں جیلیں کاٹیں اور انہیں شہادتیں نصیب ہوئیں لیکن نواز شریف اور شہباز شریف دو دن کے لیے جیل گئے تو رونے لگے تھے، جمہوریت اورپیپلزپارٹی کے دشمنوں کی نیندیں عنقریب حرام ہوجائیں گی۔خیرپور میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران مشیراطلاعات سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، جو کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ختم ہوگئی ہے وہ خیرپور اور سکھر آکر دیکھیں، ہمارا پرانا جاہ و جلال عنقریب دکھائی دے گا۔ 2018 ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے وزرا ء اندھے اور بہرے ہیں، وہ جمہوریت اور پیپلز پارٹی کے دشمن ہیں، پیپلز پارٹی پاکستان کی محافظ ہے،تجزیہ نگار فرمائشی اسکرپٹ لکھنا چھوڑ دیں۔ ہمیں پتہ ہے وہ کس کے لیے اسکرپٹ لکھتے ہیں۔ پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی تو سارے اسکرپٹ ہوا میں اڑ جائیں گے۔