کراچی (اسٹاف رپورٹر)چاکیواڑہ اور جمشید کوارٹرز میں مسلح رہزنوں نے لوٹ مار کی کوشش کے دوران گولیاں مار کر ایک نوجوان کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب چاکیواڑہ تھانے کی حدود میں لیاری جنرل اسپتال کے قریب موٹرسائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے 20سالہ شام لال ولد پریم چند ہلاک ہوگیا۔مسلح ملزمان واردات کے بعدفائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی جس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کردی۔ چاکیواڑہ پولیس کے مطابق شام لا ل چاکیواڑہ کا ہی رہائشی تھا۔ ابتدائی شواہد کے مطابق اس کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی مار کے قتل کیا گیا تاہم واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کی جارہی ہے۔ادھر جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں لسبیلہ پل کے قریب مسلح رہزنوں نے 25سالہ ارسلان سے نقد رقم اورموبائل فون چھیننے کی کو شش کی اور ارسلان کی جانب سے مزاحمت پر اسے گولی مار کے زخمی کردیااور فرار ہوگئے۔جمشید کوارٹرز پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ادھرپاک کالونی تھانے کی حدود میں واقع شیریں بیکری کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عبید نامی نوجوان زخمی ہو گیا جس کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر ڈکیتی میں مزاحمت کا نتیجہ معلوم ہوتاہے۔