یمن میں سعودی فورسز اور سعودی اتحادی طیاروں نے حوثیوں پرحملے کرکے ان کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے

151

ریاض (آن لائن) یمن میں سعودی فورسز اور سعودی اتحادی طیاروں نے حوثیوں پرحملے کرکے ان کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے‘ سعودی شہر نجران کی سرحد کے قریب حوثیوں کی راکٹ لانچنگ پیڈ بنانے کوشش ناکام دی گئی‘ الحدیدگورنری ودیگرعلاقوں میں اتحادی طیاروں نے بمباری کی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی بارڈر سیکورٹی فورسز نے یمن کی سرحد سے متصل شہر نجران میں جبل المخروق کے ساتھ قائم یمنی باغیوں کے ٹھکانوں پر بھاری توپخانے سے گولاباری کر کے ان کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے۔ عرب خبررساں ادارے کے مطابق سعودی بارڈر سیکورٹی فورسز کی شیلنگ سے ناصرف یمنی باغیوں کے کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے بلکہ باغیوں کی طرف سے سعودی عرب میں دراندازی اور یمن میں راکٹ حملوں کے لیے راکٹ لانچنگ اڈے قائم کرنے کی کوششیں بھی ناکام بنا دی گئی ہیں۔ شمال مشرقی صنعا میں ارحب ڈاریکٹوریٹ کے علاقے بیت مران میں یمنی باغی ملیشیا کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے جب کہ عمران اور صعدہ کے درمیان المعالقہ فوجی اڈے کو سعودی اتحادی طیاروں نے بمباری سے نقصان پہنچایا گیا۔ الحدیدہ گورنری میں باجل، الصلیف بندرگاہ اور اس کے آس پاس باغیوں کی فوجی چھاؤنیوں کو بھی اتحادی طیاروں نے نشانہ بنایا گیا۔