کراچی، سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا چالان منظور

288

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا ضمنی چالان منظور کرتے ہوئے مقدمہ متعلقہ عدالت منتقل کردیا ۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے منتظم جج نے سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت کی،سماعت کے دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب اور تفتیشی افسر ایس پی ساجد سدوزئی نے ضمنی چالان پیش کیا۔

چالان میں جے آئی ٹی کی سفارشات کی روشنی میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی، چالان میں 58 افراد کو نامزد جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما حماد صدیقی اور رحمان عرف بھولا سمیت دیگر کو مفرور قرار دیا گیا۔

چالان میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایم کیو ایم کے حماد صدیقی کی ایما پر علی انٹر پرائزز سے 25کروڑ روپے بھتہ اور فیکٹری منافع میں حصہ داری کا مطالبہ کیا گیا۔

فیکٹری مالکان نے ایک کروڑ دینے پر رضامندی ظاہر کردی تھی لیکن 11ستمبر 2012کو حماد صدیقی کی ایما پر فیکٹری کو آگ لگادی گئی۔

واقعے میں 259مرد وخواتین جاں بحق ہوئے لیکن ایم کیو ایم کی سینئر قیادت نے دہشت گردی کے واقعے کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ فاضل جج نے ضمنی چالان منظور کرتے ہوئے کیس کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر 2 میں منتقل کردیا۔