سیاسی پارٹیاں مزدوروں کے حقوق کے لیے ذمہ داری ادا کریں۔ لیا قت ساہی

150

مزدور رہنما لیا قت علی ساہی نے محنت کشوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر جمہوریت دشمن عناصر کو تنقید کرنے کا موقع مل رہا ہے اس تناظر میں سیاسی پارٹیوں کی کارکردگی پارلیمنٹ کی سطح پر انتہائی مایوس کُن ہے جس کی واضح مثال محنت کشوں اور متوسط طبقے کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا اگر آئین کی روشنی میں ریاست کے تمام اداروں کو پارلیمنٹ کی سطح پر پابند کیا جائے کہ اس پر مکمل طور پر عمل در آمد کیا جائے تو نوے فیصد نچلی سطح کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ان مسائل میں اضافہ بنیادی طور پر سیاسی پارٹیوں میں قومی ، صوبائی اور سینیٹ کے لیے
منتخب ہونے والے افراد آئین پر عمل درآمد کرانے کے لیے کاوشیں کرنے کے بجائے نان ایشوز پر پارٹی پالیسیوں پر وقت ضائع کرکے پوری قوم کو مزید کرب میں مبتلا کررہے ہیں جبکہ آئین کے تحت تمام اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ ریاست کا کوئی بھی ادارہ مساوی بنیادوں پر تمام شہریوں کے بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے پابند ہے لیکن ہم ستر سالوں سے دیکھ رہے ہیں کہ اس پر عمل درآمد کرنے کے بجائے مشرف کی آمریت میں ریاست کے اداروں میں عالمی ایجنڈے کی روشنی میں ٹھیکیداری نظام کو محنت کشوں اور متوسط طبقے پر مسلط کیا گیا تھا جسے آج تک سیاسی پارٹیوں کی قیادت ختم کرنے کے بجائے اس کا بیوروکریسی کے ساتھ مل کر تحفظ کررہی ہیں جبکہ اس اثناء میں پارلیمنٹ کی سطح پر بہت سی آئینی ترمیم منظور کی گئیں ہیں المیہ یہ ہے کہ ٹھیکیداری نظام کے خلاف قانون سازی کرنے کے بجائے آئین میں دیے گئے حقوق پر بھی عمل در آمد نہیں ہو سکا ۔اب صورتحال یہ پید ا ہو گئی ہے کہ اداروں میں ٹھیکیداری نظام کے تحت کام کرنے والے محنت کشوں کو نہ تو کم سے کم ویجز کی ادائیگی کی جا رہی ہے ، سوشل سیکورٹی و ورکرز ویلفیئر بورڈ کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور نہ ہی انہیں تقرر نامے جاری کیے جاتے ہیں تاکہ انجمن سازی میں حصہ لے کر اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کر سکیں۔ اس وقت اداروں میں تاریخ کی بد ترین محنت کشوں کا ٹھیکیداری نظام کے تحت استحصال کیا جا رہا ہے لیکن سیاسی پارٹیاں نان ایشوز کے بجائے محنت کشوں اور متوسط طبقے کے بنیادی مسائل پر پارلیمنٹ میں حکمت عملی مرتب کرکے مسائل کو حل کریں اس سے اداروں میں گُڈ گورننس آئے گی اور ایک عام شخص کو بھی انصاف ملے گا۔