کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک کی جانب سے چشتی نگر میں بجلی کے کنکشنوں اور 6نئے ٹرانسفارمروں کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیاہے۔ جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گلستان جوہر کے علاقے چشتی نگر میں علاقہ مکینوں کو بجلی کے کنکشنوں کی فراہمی کا عمل شروع کر دیاگیا ہے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے اسکیم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جس کا افتتاح سماجی فلاح و بہبود کی وزیر محترمہ شمیم ممتاز نے کیا۔اس موقع پر علاقے سے وابستہ دیگر معززین بھی موجود تھے۔کے الیکٹرک کی جانب سے چشتی نگرمیں اس اسکیم کے آغاز سے پہلے کنڈوں کی بہتات تھی جب کہ بجلی چوری کا تناسب بھی زیادہ تھا۔ یہی وجوہات ملحقہ علاقوں میں ٹرپنگ کا باعث بن رہی تھیں۔ چشتی نگر میں اس اسکیم کے آغاز سے نہ صرف 800گھرانے کے الیکٹرک کے نیٹ ورک سے منسلک ہو جائیں گے بلکہ آس پاس کے علاقے میں بھی بجلی کی فراہمی بہتر ہو سکے گی۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق،’’چشتی نگر میں اس اسکیم کے آغاز سے علاقے میں بجلی کی فراہمی میں بہتری کے ساتھ ساتھ صارفین کی بہتر سے بہتر خدمت میں مدد ملے گی۔ سندھ گورنمنٹ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور تعاون پر شکر گزار ہیں۔ادارے کی جانب سے کوشش ہے کہ بہتری کی طرف ہر سمت میں ترقی کی جائے ، سروس کے معیار کو بہتر بناتے ہوئے ایریل بنڈلڈ کیبلنگ، اسمارٹ میٹرز، موبائل میٹر ریڈنگ جیسے پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔