کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان کسٹمز نے ملک میں درآمدات کی موثر نگرانی کے لیے الیکٹرانک امپورٹ فارم (ای آئی ایف) ماڈیول کامیابی کے ساتھ یکم ستمبر 2016ء سے شروع کر دیا ہے۔ یہ ماڈیول پاکستان کسٹمز کے آئی ٹی سسٹم ’’ویبوک‘‘(Web Based One Custom۔ WeBOC) پر نافذ کیا گیا ہے۔ ماڈیول کو امپورٹرز، کلیئرنگ ایجنٹس، بینکرز وغیرہ سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے مشورے سے تیار کیا گیا ہے۔ای آئی ایف ماڈیول کے آغاز سے کافی پہلے اسٹیٹ بینک اور پاکستان کسٹمز کی ایک مشترکہ ٹیم نے ملک بھر میں تجارت کے صفِ اول کے چیمبرز میں آگاہی کے سیشن منعقد کیے اور یہ سلسلہ پانچ ماہ تک جاری رہا۔ ان سیشن کے دوران تمام مواقع پر یہ واضح کیا گیا کہ امپورٹر حضرات ’’ویبوک‘‘ میں اپنے موجودہ آئی ڈی کو استعمال کرتے ہوئے ای آئی ایف جمع کرائیں گے جسے وہ اشیا کے اعلان (Goods Declaration) کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔ چنانچہ اس سلسلے میں کوئی اضافی کارروائی درکار نہیں ہوگی۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اسٹیٹ بینک اور پاکستان کسٹمز نے میڈیا میں پبلک نوٹس، پریس ریلیز وغیرہ کے ذریعے اس ماڈیول کی بھرپور تشہیر کی ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک نے ملک کے جنوبی، وسطی اور شمالی خطّوں کے متعلقہ بینک عملے کو تربیت دینے کی غرض سے مجاز ڈیلروں کے لیے جامع تربیتی سیشن بھی کرائے۔ چنانچہ امپورٹر حضرات مجاز ڈیلروں کی متعلقہ برانچوں یا ملک بھر میں مختلف کلکٹوریٹ پر قائم پاکستان کسٹمز ہیلپ ڈیسک سے رابطہ کر سکتے ہیں۔