کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ تکنیکی پیچیدگیاں دور کیے بغیر آئی فارم کا اطلاق نہ کیا جائے، اس سے درآمدی و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔ زاہد سعید کا کہنا تھا کہ کسی بھی نظام میں فوری تبدیلی کے بجائے متعلقہ شعبوں کو اس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کا اہتمام ہونا چاہیے علاوہ ازیں فوری اطلاق سے قبل آزمائشی بنیادوں پر اس میں درپیش مسائل اور پیچیدگیوں کا اندازہ کرنے کے بعد کسی نئے نظام کا نفاذ عمل میں آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر اس نظام کو نافذ کرنے سے قبل متعلقہ اسٹیک ہولڈر سے مکمل مشاور ت کرے اور مناسب تربیتی اہتمام کرنے کے بعد ہی اس کا نفاذ کیا جائے۔ علاوہ ازیں کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے کسٹم، پورٹ اینڈ شپنگ کے سربراہ فراز الرحمن نے کہا کہ درآمد کنندگان اور کلیئرنگ ایجنٹس اس نئے متعارف کردہ نظام کے حوالے سے ابہام کا شکار ہیں اور اس نظام پر عمل درآمد کروانے سے مزید دشواریاں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم حکام اور متعلقہ ادرے آئی فارم کے نفاذ سے قبل درآمد کنندگان اور کلیئرنگ ایجنٹس کے لیے تربیتی ورک شاپس کا اہتمام کرے، انہوں نے مزید کہا کہ وی بوک میں اس فارم کو اپ ڈیٹ کرنے ، پاس ورڈ ، اس سسٹم کے نفاذ سے قبل کی جانے والی ادائیگیوں کے لیٹر آف کریڈٹ سمیت کئی تکنیکی پیچیدگیوں کا سامنا ہے، اس لیے اگر اس صورت حال میں اس سسٹم کو نافذ کردیا جاتا ہے تو اس سے ملک میں تجارتی و صنعتی سرگرمیاں بالواسطہ و بلاواسطہ متاثر ہوں گی۔