قانون توہین رسالت ؐ میں ترمیم  منظور نہیں،  ملی یکجہتی کونسل سندھ 

377

ملی یکجہتی کونسل سندھ نے قانون توہین رسالت ؐ میں ترمیم کر کے اس کو بے اثر بنانے کی کوششوں ،سندھ میں مدارس کی دوبارہ رجسٹریشن کے اعلان ،مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کی پابندی ،کشمیر میں بھارتی مظالم اور بنگلہ دیش میں اسلام اور پاکستان سے محبت کر نے والوں کو پھانسیاں دینے کی شدید مذمت کی ۔

اظہار ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے منگل کے روز ادارہ نور حق میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے اہم اجلاس کے بعد تمام رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اجلاس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مہم چرم قربانی میں حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کر نے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کر تے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت مہم چر م قر بانی کے لیے آزادانہ اور سازگار ماحول فراہم کر ے اور سب کو قر بانی کی کھالیں جمع کر نے کی آزادی حاصل ہو ۔

اسد اللہ بھٹو نے بتایا کہ کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرار داد بھی منظور کی گئی جو ملک کے کروڑوں عوام کے احساسات و جذبات کی ترجمان ہے ۔حکومت اپنا رویہ اور طرزِ عمل درست کرے اور عوام کو احتجاج پر مجبور نہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ کونسل نے علماء و مشائخ سے اپیل کی ہے کہ جمعۃ المبارک اور عید الاضحیٰ کے موقع پر منبرو محراب اور درس گاہوں سے امن و سلامتی کی دعائیں اور اتحاد امت کے لیے آواز بلند کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان مخالف نعروں کی بھی مذمت کی ہے اور اس فعل کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔بنگلہ دیش میں جس طرح اسلام اور پاکستان سے محبت کر نے والوں کو پھانسیاں دی جارہی ہیں وہ پوری قوم کے لیے تشویشناک ہیں اور حکومت پاکستان کا اس پر کوئی احتجاج نہ کر نا انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے ۔

اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بنگلہ دیشی حکومت کے خلاف عالمی سطح پر آواز اُٹھائے اور۱۹۷۴کے سہہ فریقی معاہدے کی خلاف ورزی سے بنگلہ دیش کی حکومت کو روکنے کی کوشش کرے اور اسی طرح کشمیر کے مسئلے پر بھی حکومت بھارت کے خلاف جرات مندانہ مؤقف اختیار کرے اور کشمیر و بنگلہ دیش کے مسئلے پر اوآئی سی کا اجلاس بلائے ۔

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کی طرف سے 16اگست کے اجلاس میں قانون توہین رسالت ؐپر عملدرآمد کے طریقہ کار میں ترمیم کر کے اسے بے اثر بنانے کی سفارشات پر ملک کے 18کروڑ عوام کی دل آزاری ہوئی ہے ۔ہم ان سفارشات کی مذمت کر تے ہیں اور مطالبہ کر تے ہیں کہ ان سفارشات کو مسترد کیا جائے ۔عوام اپنی جانیں قربان کردیں گے لیکن قانون توہین رسالت ؐ کو تبدیل کر کے اسے بے اثر بنانے کی سازشوں کو ہر گز کامیاب نہیں ہو نے دیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کی چئیر مین ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل ہیں اور اس میں ایم کیو ایم کے بیرسٹر محمد علی سیف اور پیپلز پارٹی کے فرحت اللہ بابر اور سحرکامران بھی شامل ہیں ۔کمیٹی کی سفارشات گستاخانِ رسول ؐ کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام مساجد میں ایک خطبۂ جمعہ دینے کی کوشش کو آمریت کی علامت اور نشانی سمجھتے ہیں اسی طرح مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کی پابندی کی بھی مذمت کر تے ہیں اور منبر و محراب کے تحفظ کا اعلان کر تے ہیں ۔حکومت مساجد میں لاؤڈ اسپیکر پر تو پابندی لگا رہی ہے لیکن فحاشی پھیلانے اور ناچ گانوں میں اس کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں لگاتی ۔اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ مدارس کے ساتھ دہشت گردی کو جوڑنا کسی طرح بھی مناسب نہیں ہے ۔ہم مدارس کو بدنام کر نے اور ان پر بلاجواز پابندی کی مذمت کر تے ہوئے اس کی بھر پور مزاحمت کا اعلان کر تے ہیں ۔

اسد اللہ بھٹو  کا کہنا تھا کہ 6ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ہم عزم کر تے ہیں کہ پاکستان کی جغرافیائی سر حدوں اور نظر یاتی حدود کی مکمل حفاظت کے لیے جانیں قر بان کر دیں گے ۔پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر نے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے ۔ہم عہد کر تے ہیں کہ پاکستان ہمارا ہے اور ہم پاکستان کے ہیں ۔پاکستان زندہ باد کل بھی ہمارا نعرہ تھا اور آج بھی ہے اور آئندہ بھی ہو گا ۔

اجلاس میں رابطہ سیکریٹری بر جیس احمد ،جمعیت علماء پاکستان کے رہنما ،ملی یکجہتی کونسل سندھ کے جنرل سیکریٹری قاضی احمد نورانی ،سیکریٹری اطلاعات جماعت غرباء الحدیث کے عمران احمد سلفی ،نائب صدر اسلامی تحریک صوبہ سندھ کے جعفر سبحانی ،سیکریٹر ی تربیت مجلس وحدت المسلمین خیبر پختونخوا کے محمد صادق جعفری ،نائب ناظم اعلی تنظیم اسلامی کے محمد نسیم الدین ،شیعہ علماء کونسل اسلامی تحریک پاکستان کے سید شاکر حسین زیدی الحسینی،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے محمد نسیم خان ، جمعیت اتحاد العلماء کراچی و نائب صدر ملی یکجہتی کونسل سندھ کے حزب اللہ جھکڑو ،جماعت الحدیث سندھ کے قاری محمد حسین ،علامہ اصغر حسینی شھیدی ،جمعیت اتحاد العماء کراچی کے آفتاب احمد ،رابطۃ المدارس الاسلامیہ و جمعیت اتحاد العلماء سندھ کے مولانا محمد موسیٰ ملاح ملی یکجہتی کونسل سندھ کے پریس سیکریٹری زاہد عسکری اور دیگر نے شر کت کی ۔